رسائی کے لنکس

اسرائیل: فلسطین کی اقتصادی ترقی سے امن کا عمل تیز ہوگا


اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی معیشت کو مضبوط بنانے سے امن کے عمل میں تیزی آسکتی ہے جس کی اشد ضرورت ہے۔

بن یامن نتن یاہو نے ایک فرانسیسی اخبار لی فیگارو سے جمعرات کے روز کہا کہ فلسطینیوں کی اقتصادی ترقی علاقے کو درپیش موجودہ چیلنجوں میں سے ایک ہے، لیکن انہوں نے اس بارے میں مزید کچھ اور نہیں بتایا۔

اسرائیلی وزیر اعظم اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (اوای سی ڈی) میں اسرائیل، استونیا اور سلوینیا کی شمولیت کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے لیے پیرس میں ہیں ۔یہ تنظیم دنیا کے کچھ اہم صنعتی ممالک کے اعدادو شمار کا تجزیہ کرتی ہے اور معاشی ترقی کے تصورات کے لیے ایک فورم کے طورپر کام کرتی ہے۔

فلسطینی اس تنظیم پر اسرائیل کو رکنیت دینے سے انکار پر زور دے چکے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو شمولیت کی اجازت دینا انسانی حقوق کے لیے اس تنظیم کے عہد کے خلاف ہے۔

کئی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اوای سی ڈی میں شرکت سے اسرائیلی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے رقم کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔



XS
SM
MD
LG