اٹلی میں امدادی کارکنوں نے ملک کے شمالی حصے میں منگل کے طاقت ور زلزلے کے بعد عمارتوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔
اس زلزلے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوگئےتھے۔
ہنگامی امداد فراہم کرنے والے کارکنوں نے منگل کی صبح 5 اعشاریہ8 کی شدت کے زلزلے میں گرجانے والی عمارتوں، فیکٹریوں اور عبادت گاہوں کے ملبوں میں سے لوگوں کو نکالنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔
زلزلے سے تقریباً 350 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زلزلے کا مرکز موڈینا اور فیرارا کے شہروں کا درمیانی علاقہ ایمیلیا رومانگنا تھا۔ جب کہ زلزلے کے جھٹکے پورے شمالی اور وسطی اٹلی کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد کئی طاقت ور آفٹر شاکس بھی آئے۔
زلزلے سے اٹلی کے اس پیداواری زون کو مزید نقصان پہنچا ہے۔ یہ علاقے مہنگی اور پرتعیش کارروں اور پنیر کی مشہوراقسام کی پیدوار کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔
ایک ہفتے سے کچھ ہی زیادہ عرصہ پہلے اسی علاقے میں چھ کی قوت کا زلزلہ آچکاہے۔ جس سے علاقے کے زرعی شعبے کو لاکھوں ڈالر کانقصان پہنچا تھا۔
پچھلے زلزلے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے اور عمارتیں گرنے سے بہت سے افراد کو بے گھر ہونا پڑاتھا۔