رسائی کے لنکس

اٹلی: بحری جہاز کے لاپتا مسافروں کی تلاش جاری


اٹلی: بحری جہاز کے لاپتا مسافروں کی تلاش جاری
اٹلی: بحری جہاز کے لاپتا مسافروں کی تلاش جاری

امدادی کارکنوں نے اٹلی کے ساحل کے نزیک حادثے کا شکار ہونے والے پرتعیش بحری جہاز کے 21 لاپتہ مسافروں کی تلاش کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔

ہفتے کی صبح اٹلی کے جزیرے گگلیو کے نزدیک جہاں یہ تباہ شدہ بحری جہاز موجود ہے ،امدادی ٹیموں نے جہاز میں داخل ہونے کے نئے راستے بنا نے کے لیے چھوٹے چھوٹے دھماکے کیے ۔

اٹلی کے شمال مغربی ساحل کے نزدیک ایک ہفتہ قبل چٹان سے ٹکرانے کے بعد ایک جانب کو خطرناک حد تک جھک جانے والے 'کوسٹا کنکورڈیا' میں جاری امدادی سرگرمیوں کو جمعے کی صبح طوفانی موسم کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔

حکام کا کہناہے کہ ایک لاکھ 14 ہزار ٹن وزنی جہاز آدھا ڈوبا ہوا ہے لیکن اس کی سطح اتنی متوازن ہوگئی ہے کہ بالائی حصوں میں مسافروں کی تلاش کا کام انجام دیا جاسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ناسازگارموسم کے باعث جہاز میں موجود ہزاروں ٹن ایندھن نکالنے کا کام بھی تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔ حکام کے مطابق ایندھن کے ممکنہ اخراج کی صورت میں ٹسکن نامی اس علاقے میں ماحولیاتی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

امریکی کمپنی کارنیوال کارپوریشن کی ملکیت اس جہاز کی نچلی سطح جمعے کے روز ایک پتھریلی چٹان سے ٹکرانے کے بعد نقصان پہنچاتھا، جس کے بعد یہ جہاز ایک جانب کو جھک گیا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ اب بھی 21 افراد لاپتہ ہیں۔ 45 کروڑ ڈالرزمالیت کے اس جہاز میں 4200 مسافر اور عملے کے افراد سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG