آئیوری کوسٹ میں سیاسی تعطل جاری ہے، جہاں دو حریف صدور ایک دوسرے کی ان دھمکیوں کو نظرانداز کررہے ہیں جن میں جانے کے لیے حتمی تاریخیں دی گئی ہیں۔
لورنٹ گباگبو کی جانب سے ایک نوجوان لیڈر نے حریف صدر الحسن واتارا کو ہفتے کے روزتک ابیدجان چھوڑنے کے لیے کہا ہے اور گباگبو کے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ہوٹل کا گھیراؤ کرلیں جہاں مسٹرواتارا کئی ہفتوں سے رہ رہے ہیں۔
تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس نے خبر دی ہے کہ گباگبو کے حامی دوپہر کے وقت ہوٹل کے باہر جمع ہوئے لیکن مسٹر واتارا ہوٹل کے احاطے ہی میں موجود رہے۔
اس سے قبل مسٹر گباگبونے مسٹر واتارا کے وزیر اعظم سورو کی جانب سے جمعے کی نصف شب تک اپنا عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ مسترد کردیاتھا۔
جمعے کی رات قومی پیمانے پر نشر کی جانے والی اپنی تقریر میں مسٹر گباگبو نے کہا کہ وہ اپنے عہدےپر موجود رہیں گے اورانہوں نے عالمی راہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ انہیں ہٹانے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔