رسائی کے لنکس

جام یوسف انتقال کرگئے، نماز جنازہ لسبیلہ میں ہوگی


بتایا جاتا ہے کہ مرحوم کی میت آبائی ضلع لسبیلہ منتقل کی جائے گی، جہاں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور تدفین ہوگی

بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور نجکاری کے موجودہ وفاقی وزیر جام محمد یوسف حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہفتے اور اتوار کی رات اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 59 برس تھی۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق، جام صاحب کو اُن کی رہائش گاہ میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

بتایا جاتا ہے کہ مرحوم کی میت آبائی ضلع لسبیلہ منتقل کی جائے گی، جہاں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور تدفین ہوگی۔

رپورٹوں میں ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کمپلیس اسپتال منتقل ہونے سے پہلے ہی اُن کا دم ٹوٹ گیا۔

وہ جام غلام قادر خان عالیانی کے بیٹے تھے، جو خود بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں وزیر اعلیٰ بلوچستان تھے۔

جام یوسف 1954 میں پیدا ہوئے تھے۔

وہ ایل ایل بی تھے، اور ایک عرصے سے بلوچستان اور وفاق کی سیاست سے وابستہ رہے۔

سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان رہے اور انتقال کے وقت اُنھوں نے وفاقی وزیر نجکاری کا قلمدان سنبھالا ہوا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ انتقال کی خبر سنتے ہی مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور نیلوفر بختیار سمیت پارٹی کے دیگر راہ نما پمز اسپتال پہنچے۔

جام آف لسبیلہ دھیمے لہجے والے انسان، ایک بلند حوصلہ شخص اور باخبر سیاسات دان تھے۔

سابق ہندوستان میں برطانوی راج کے دوران لسبیلہ نوابوں کی ایک خوش حال ریاست ہوا کرتی تھی، جسے پاکستان بننے کے بعد 1955ء میں ختم کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG