رسائی کے لنکس

جاپان اور سنیگال کا میچ دو، دو گول سے برابر


سنیگال کے اسماعیلیا سر اور جاپان کے ہیروکی سکائی بال حاصل کرنے کی جستجو میں۔
سنیگال کے اسماعیلیا سر اور جاپان کے ہیروکی سکائی بال حاصل کرنے کی جستجو میں۔

فٹبال ورلڈ کپ میں جاپان اور سنیگال کے درمیان گروپ ’ایچ ‘ کا میچ دو۔دو گول سے برابر ہو گیا جس کے باعث دونوں ٹیمیں اب بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔

پہلے ہاف کے 11منٹ میں سنیگال کے مڈفیلڈر سادیو مینے نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو ورلڈ کپ میں سنیگال کا کم ترین وقت میں کیا جانے والا گول ہے۔

لیکن سنیگال کی ٹیم اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکی اور 34 ویں منٹ میں جاپان کے مڈفیلڈر تاکاشی انوئی نے ناگاتومو کے خوبصورت پاس پر گیند گول میں پھینک کر میچ ایک۔ایک گول سے برابر کر دیا۔

دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری لینے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی اور پہلا ہاف ایک۔ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کو کئی مواقع ملے لیکن گول نہ کر سکیں تاہم 71 ویں منٹ میں سنیگال کے کھلاڑیوں نے شاندار موو بنائی اور دفاعی کھلاڑی موسیٰ واگو نے نیانگ کی مدد سے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر سبقت دلا دی۔ 19 سالہ موسیٰ واگو سنیگال کی ٹیم میں سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

دوبارہ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد جاپان نے 72 ویں اور 75 ویں منٹ میں ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، پہلے شنجی کاگاوا کی جگہ کیسوکے ہنڈا اور پھر جینکی ہاراگوچی کی جگہ شنجی اوکازاکی کو میدان میں اُتارا۔

یکے بعد دیگرے دو تبدیلیاں کام کر گئیں اور 78 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کیسوکے ہنڈا نے گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔

اس گول کے بعد کیسو کے ہنڈا تین مختلف ورلڈ کپ( 2010، 2014 اور 2018) میں گول اسکور کرنے والے پہلے جاپانی فٹبالر بن گئے ہیں۔

سنیگال نے بھی آخری دس منٹ کے دوران مزید دو تبدیلیاں کیں لیکن بے سود رہیں اور میچ دو، دو گول کی برابری پر ختم ہوا۔

میچ کے دوران سنیگال کے تین اور جاپان کے دو کھلاڑیوں کو یلو کارڈ دکھائے گئے۔

گروپ ’ایچ‘ میں دو، دو میچ کھیل کر جاپان اور سنیگال کے چار، چار پوائنٹس ہیں جبکہ پولینڈ اور کولمبیا نے ایک، ایک میچ کھیلا ہے اور کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG