رسائی کے لنکس

جاپان کا دفاعی میزائل نظام متحرک کرنے کا اعلان


جاپان کے وزیرِ دفاع نائوکی ٹناکا نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب شمالی کوریا آئندہ ماہ میزائل کے ذریعے خلا میں مصنوعی سیارہ بھیجنے کے منصوبے پر پیش رفت کر رہا ہے

جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے راکٹ فائرنگ کے خدشہ کے پیشِ نظر دفاعی میزائل نظام متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جاپان کے وزیرِ دفاع نائوکی ٹناکا نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب شمالی کوریا آئندہ ماہ میزائل کے ذریعے خلا میں مصنوعی سیارہ بھیجنے کے منصوبے پر پیش رفت کر رہا ہے۔

امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی مشرقی ایشیائی ممالک اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کا یہ اقدام طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربات کی پیش بندی ہے جس کی اقوامِ متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کو اجازت نہیں۔

ٹناکا نے جمعہ کو ٹوکیو میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے جاپان کی مسلح افواج کو زمین سے فضا میں مارکرنے والے 'پی اے سی – 3' میزائل اور میزائل شکن نظام متحرک کرنے کا حکم دے دیا ہے تاکہ جاپان کی حد سے گزرنے والے شمالی کوریا کے کسی بھی راکٹ کو نشانہ بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ پیانگ یانگ حکومت نے اپریل کے وسط میں ایک مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ شمالی کوریائی حکام کے مطابق سیارے کو ملک کے آنجہانی بانی رہنما کم ال سنگ کی 100 ویں سال گرہ کی مناسبت سے خلا میں بھیجا جار ہاہے۔

جاپانی حکومت کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں آئندہ ہفتے 'جوہری دہشت گردی' کے موضوع پر عالمی سربراہ کانفرنس ہونے جارہی ہے جس میں امریکہ کے صدر براک اوباما اور کئی ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG