رسائی کے لنکس

ماسک لگا کر مسکرانا ہی بھول گئے کیا آپ؟


ٹوکیو، جاپان کے سوکئی آرٹ اسکول میں طلبا آئینے کی مدد سے مسکرانا سیکھ رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز 30مئی 2023
ٹوکیو، جاپان کے سوکئی آرٹ اسکول میں طلبا آئینے کی مدد سے مسکرانا سیکھ رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز 30مئی 2023

جاپان میں اسکول کے طلباء کو مسکرانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ خیال ہے کہ کووڈ کی وبا کے دوران ماسک کے استعمال سے لوگ مسکرانا بھول گئے ہیں۔

کیا واقعی کووڈ سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال دنیا سے مسکراہٹ چرا لے گیا؟ اگر ایسا ہوا ہے تو کوئی اچنبھے کی بات نہیں کیونکہ کووڈ کی وباء میں لاکھوں گھروں کے چراغ گل ہوئے اور چہروں سے ہنسی غائب ہو گئی۔

مگر بھلا ہو جاپانیوں کا , دنیا کے دیگر بہت سے کاموں میں نظم و ضبط کی عادت نے انہیں انسانی زندگی کے ایک انتہائی اہم انداز کو چہرے پر واپس لانے کی جانب توجہ دلائی۔

مسکرانے کی تربیت؟ خیال ذرا انوکھا سا لگتا ہے مگرکائیکو کوانو ایک ایسی ہی انسٹرکٹر ہیں جو مسکرانے کی باقاعدہ کلاس میں اسکول کے طلباء کو مسکرانے کا طریقہ سکھاتی ہیں۔

کائیکو کوانو، سوکئی آرٹ اسکول میں مسکرانے کی تربیت دے رہی ہیں۔ فوٹو رائٹرز 30 مئی 2023
کائیکو کوانو، سوکئی آرٹ اسکول میں مسکرانے کی تربیت دے رہی ہیں۔ فوٹو رائٹرز 30 مئی 2023

ان کی کلاس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجن بھر سے زیادہ طلباء اپنے چہرے کے سامنےآئینہ رکھے اپنے منہ کو کبھی اوپر، کبھی نیچے اور کبھی دائیں، کبھی بائیں کھینچ کر مسکرانے کی مشق کر رہے ہیں۔

مسکرانا کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس کے لیے لوگ پیسے خرچ کرنا چاہیں گے مگر جاپان میں جہاں وباء کے دنوں میں ماسک کی پابندی لازمی تھی، شاید لوگ واقعی مسکرانا بھول گئے تھے۔

ہیما واری یو شیدا 20 سالہ جاپانی طالبہ ہیں۔ وہ کہتی ہیں وباء کے دنوں میں ماسک لگائے رکھنے سے ان کے چہرے کے مسلز بہت کم استعمال ہوئے اور اب وہ واقعی مسکرانا سیکھ رہی ہیں۔

سوکئی آرٹ اسکول میں طلباء مسکرانے کی مشق کرتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز 30 مئی 2023
سوکئی آرٹ اسکول میں طلباء مسکرانے کی مشق کرتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز 30 مئی 2023

کاوانو کی کمپنی" ایگائیکو" مسکرانے کی باقاعدہ تربیت دیتی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ان کے ہاں تربیت کے لیے آنے والوں کی تعداد میں چارگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

مسکرانا صحت کے لیے مفید ہے

انسان کے چہرے کے بے شمار تاثرات میں شاید مسکرانا ایک ایسا انداز ہے جو نہ صرف انسان کو خود خوشی دیتا ہے بلکہ سامنے والا بھی مسکرا اٹھتا ہے۔

ایک حالیہ مطالعے کے مطابق مسکرانے کی عادت ہمیں کسی بھی قسم کے دباؤ یا پریشانی سے فوری نکال لیتی ہے اور ایسے میں دل کی دھڑکن جو تیز ہوئی ہو، معمول پر آجاتی ہے۔

“Live Science” کے مطابق مسکرانے سے نہ صرف موڈ بہتر ہوتا ہے بلکہ اس سے ہمارے جسم میں کورٹی سول یا (Hydrocortisone) اور اینڈروفنز جاری ہوتے ہیں جن کے صحت کے لیے بے شمار فوائد ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ دونوں ہی جسم میں کسی درد کی صورت میں، دماغ کو درد کی شدت کم کرنے میں مدد دیتے ہیں گویا مسکرائیے تو درد سے بھی نجات مل جائے گی۔

مسکرانا، دل کو بچائے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:48 0:00

اور وہ جو کہتے ہیں نا،"ایک مسکراہٹ۔۔۔سو دکھ دور" تو سچ ہی کہتے ہیں کیونکہ طبی سائنس نے ثابت کیا ہے کہ مسکرانے کی عادت انسان کو ہائی بلڈ پریشر، ہائی بلڈ شوگر( ذیا بیطس) اور سٹریس سے نجات دیتی ہے اور جسم کا مدافعتی نظام بہتر بناتی ہے۔

بات سمجھ میں آتی ہے۔۔ بیماری کی صورت میں اپنی قوتِ ارادی اور حوصلہ انسان کے ضرور کام آتا ہے۔

ہر وقت مسکرانا مفید نہیں؟

یہ تو سب مانتے ہیں کہ مسکراہٹ نہ صرف چہرے کو نکھار دیتی ہے بلکہ سامنے والا بھی کھل اٹھتا ہے۔ لیکن جدید سائنس نے ہر وقت مسکرانے سے بھی منع کیا ہے ”Live Science” کے مطابق محققین نے مطالعے کے بعد یہ انکشاف کیا ہے کہ ہر وقت مسکرانا انسان کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔

اس کے لیے وہ یہ دلیل دیتے ہیں کہ ہر وقت مسکرانے والے لوگوں کی مسکراہٹ اکثر مصنوعی ہوتی ہے اور اگر آپ دل سے نہیں مسکرا رہے تو پھر دل کواس کا فائدہ بھی نہیں ہوگا۔

درد چھپا کر مسکرانا معاشرتی لحاظ سے ہمیں باہمت انسانوں میں ضرور شامل کرتا ہے مگر کسی حد تک خود کو تکلیف دینے کے مترادف بھی ہے۔

اسی لیے طبی ماہرین ہر وقت کے مسکرانے سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں۔

آپ جانیے سائنس تو ہیشہ سچ کا ہی ساتھ دیتی ہے لیکن باہمت ہیں وہ لوگ جو درد چھپا کر مسکراتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہنسنے والوں کے ساتھ سب ہنس دیتے ہیں۔

بات شروع ہوئی تھی جاپان میں مسکرانے کی تربیت سے۔ کاوانو کی کمپنی" ایگائیکو" میں مسکرانے کے ایک گھنٹے کے سبق کی فیس 55 امریکی ڈالر ہے۔

لیکن جب خدا نے یہ صلاحیت بلا مول دی ہے تو اس کے استعمال میں کنجوسی کیسی۔۔۔مسکرائیے کہ اس میں خرچ کچھ بھی نہیں اور نفع بہت زیادہ ہے!

( وی او اے نیوز کی اس رپورٹ میں کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG