معروف امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز نے اداکار بین ایفلک سے لاس ویگاس میں شادی کر لی ہے۔
گلوکارہ اور اداکار کے درمیان ماضی میں قریبی تعلقات تھے جس کے بعد دونوں نے دوری اختیار کر لی تھی۔ تقریباً 20 برس بعد اپریل 2022 میں دونوں نے منگنی کا اعلان کیا تھا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے 'پیپلز میگزین' کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جوڑے نے جینیفر لوپیز کے نیوز لیٹر کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرج لائسنس حاصل کرنے کے بعد ہفتے کی رات ایک چرچ میں شادی کی۔
جینیفر لوپیز نے اپنے نیوز لیٹر میں کہا کہ "محبت خوبصورت، مہربان اور صابر ہے۔ بیس برس صبر کرنے کے بعد ہمیں وہی حاصل ہوا جو ہم چاہتے تھے۔"
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق جینیفر لوپیز کی بین ایفلک سے پہلی ملاقات سن 2002 میں فلم 'گگلی' کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں اپنے تعلقات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہے۔ جوڑے نے سن 2003 میں اپنی طے شدہ شادی منسوخ کر دی تھی اور بعد میں اعلان کیا تھا کہ دونوں نے راہیں جدا کر لی ہیں۔
جینیفر لوپیز اور بین ایفلک دونوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شادی کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا جب کہ دونوں نے شادی کی تصاویر بھی شیئر نہیں کیں۔
یاد رہے کہ جینیفر لوپیز نے 22 فروری 1997 میں اداکار اوجنی نوا سے شادی کی تھی جو کہ ایک برس سے کم عرصے میں ہی ختم ہو گئی تھی اور جوڑے نے جنوری 1998 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
اس کے بعد انہوں نےسن 2001 میں امریکی اداکار کرس جَڈ سے دوسری شادی کی تھی۔ یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ رہ سکی اور جوڑے نے 2003 میں الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
امریکی اداکارہ و گلوکارہ نے 2004 میں گلوکار و اداکار مارک اینتھونی سے تیسری شادی کی جن سے ان کے جڑواں بچے بھی ہیں۔
جینیفر اور گلوکار مارک اینتھونی نے 2014 میں ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں۔
سن 2019 میں جینیفر لوپیز نے سابق بیس بال کھلاڑی ایلکس روڈزیگر سے منگنی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد گزشتہ برس دونوں نے منگنی ختم کردی تھی۔
جینیفر لوپیز کی یہ چوتھی جب کہ بین ایفلک کی دوسری شادی ہے۔ بین ایفلک نے سن 2005 میں اداکارہ جینیفر گارنر سے شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ دونوں نے 2018 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔
ایفلیک کی شادی اداکارہ جینیفر گارنر سے ہوئی تھی اور وہ 16 سالہ وائلٹ، 13 سالہ سیرافینا اور 10 سالہ سیموئل کے والدین ہیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔