رسائی کے لنکس

جوروٹ کے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل، ٹنڈولکر کا ریکارڈ نشانے پر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور ریکارڈز کے لحاظ سے اس وقت بہت کم کھلاڑی ان کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

ہفتے کو آئرلینڈ کے خلاف ختم ہونے والے واحد ٹیسٹ کے دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہزار رنز کا سنگ میل سب سے کم عرصے میں عبور کرلیا۔ وہ نہ صرف 11 سال سے کم عرصے میں 11 ہزار رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے بلکہ اپنے ہم وطن ایلسٹر کک کا ریکارڈ بھی توڑنے میں کامیاب ہوئے۔

ایلسٹر کک کو ٹیسٹ کریئر میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 10 سال اور 290 دن انتظار کرنا پڑا تھا جب کہ جو روٹ نے یہی کارنامہ 10 سال اور 170 دن میں کیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے بڑے فارمیٹ میں وہ 11 ہزار رنز بنانے والے 11 ویں بلے باز ہیں۔ انہوں نے صرف 130 ٹیسٹ میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے اور اب ان کے نشانے پر انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ ہے۔

وہ ایلسٹر کک کے 12 ہزار472 رنز سے صرف 1468 رنز کی دوری پر ہیں جو انہوں نے 161 ٹیسٹ میچز میں 33 سینچریوں اور 57 نصف سینچریوں کی مدد سے بنائے تھے۔

اس وقت 130 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد جو روٹ نے 29 سینچریوں اور 58 نصف سینچریوں کی مدد سے 11004 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 50 سے اوپر ہے جب کہ سابق کپتان کی کریئر اوسط 45 تھی۔

اس ریکارڈ کے بعد جو روٹ کا اگلا ہدف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ہوسکتا ہے جس کا ریکارڈ بھارت کے ماسٹر بلاسڑ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے۔

ٹنڈولکر 200 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 15921 رنز کے ساتھ اس فہرست میں ٹاپ پر ہیں لیکن مبصرین کہتے ہیں کہ 32 سالہ جو روٹ کے پاس وقت بھی ہے اور فارم بھی۔

یاد رہے کہ جنوری 2021 سے لے کر اب تک جو روٹ نے 21 ٹیسٹ میچز میں 2192 رنز اسکور کیے ہیں اور ان کی اوسط 56 رنز فی اننگز سے بھی زیادہ ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر وہ مزید پانچ سال اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیل جاتے ہیں تو کوئی شک نہیں کہ وہ اس فارمیٹ میں 16 ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG