رسائی کے لنکس

پورن اسٹار کو ادائیگی کا معاملہ: ٹرمپ کو سزا سنانے کے لیے 10 جنوری کی تاریخ مقرر


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • مین ہیٹن عدالت کے جج ہوان مرشان 10 جنوری کو ہش منی کیس میں ٹرمپ کو سزا سنائیں گے۔
  • ٹرمپ کو ایسی سزا سنائیں گے جسے مشروط ڈسچارج کہا جاتا ہے، جج ہوان مرشان
  • معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، جج کا تحریری فیصلہ

ویب ڈیسک نیویارک کی ایک عدالت کے جج ہوان مرشان نے امریکہ کے سابق اور آئندہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہش منی کیس میں سزا سنانے کی تاریخ دس جنوری مقرر کر دی ہے۔

مین ہیٹن عدالت کے جج کی جانب سے جمعے کو آنے والا یہ فیصلہ ایسے موقع پر آیا ہے جب ٹرمپ 20 جنوری کو اپنی دوسری صدارتی مدت کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

جج ہوان مرشان نے اپنے تحریری فیصلے میں اشارہ دیا ہے کہ ٹرمپ جیل نہیں جائیں گے۔

جج نے اپنے تحریری فیصلے میں اشارہ دیا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ایسی سزا سنائیں گے جسے کنڈشنل ڈسچارج کہا جاتا ہے جس میں انہیں جیل بھیجے بغیر ان کا کیس بند کردیا جائے گا۔ انہیں جرمانہ ہو گا یا انہیں مجرم کے طور پر رہا کیا جائے گا۔

گزشتہ برس مئی میں نیویارک کی ایک جیوری نے ٹرمپ پر سابق پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئل کو رقم کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات میں فردِ جرم عائد کی تھی۔

ٹرمپ پر الزام تھا کہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران پورن اسٹار کو مبینہ جنسی تعلقات پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے تھے۔

اسٹورمی ڈینئل کا دعویٰ تھا کہ ٹرمپ نے ان کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے تھے۔ تاہم ٹرمپ اس دعوے کی تردید کرتے رہے ہیں۔

ٹرمپ بارہا کہتے رہے ہیں کہ اداکارہ کی کہانی جھوٹ پر مبنی ہے اور انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔

مین ہیٹن عدالت کے جج ہوان مرشان نے صدارتی استنثنیٰ کی بنیاد پر کیس کو ختم کرنے اور فیصلہ واپس لینے کی ٹرمپ کی کوششوں کو مسترد کر دیا تھا۔

جج نے فیصلے میں لکھا ہے کہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG