رسائی کے لنکس

ٹرمپ جنسی ہراسانی کے ذمے دار قرار، متاثرہ خاتون کو 50 لاکھ ڈالر دینے کی ہدایت


نیویارک کی فیڈرل جیوری نے ایک جریدے کی سابق کالم نگار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذمے دار ٹھہرایا ہے۔

جیوری نے سابق صدر ٹرمپ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کالم نگار ای جین کیرول کو 50 لاکھ ڈالر ادا کریں۔

جیوری نے قرار دیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے سے 20 سال قبل خاتون کو جنسی طور پرہراساں کرنے اور مقدمے کو 'دھوکے' پر مبنی قرار دے کر انہیں بدنام کرنے کے ذمے دار تھے۔

چھ مردوں اور تین خواتین پر مشتمل یہ نو رکنی جیوری تین گھنٹے کے غور و فکر کے بعد اس فیصلے پر پہنچی۔ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی برسوں سے خواتین کی جانب سے ان کی مرضی کے بغیر جنسی قربت اختیار کرنے کے الزامات کا سامنا رہا ہے مگر یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ٹرمپ کو جواب دہ ٹھہرانے کے لیے انہیں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا۔

جیوری نے 79 سالہ ای جین کیرول کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ ٹرمپ نے 1996 میں کسی وقت نیو یارک کے ایک انتہائی مہنگے ڈپارٹمنٹل اسٹور کے ڈریسنگ روم میں ان کا ریپ کیا۔ لیکن جیوری اس نتیجے پر پہنچی کہ کیرول کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تھا۔ اس الزام پر ٹرمپ سے کیرول کو 20 لاکھ ڈالر دینے کا کہا گیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے کیرول کے الزامات کو دھوکے اور فریب پر مبنی قرار دینے پر بھی ٹرمپ کو اُنہیں 30 لاکھ ڈالر دینے کا کہا گیا ہے۔

کیرول جب مسکراتے ہوئے عدالت سے باہر آئیں تو انہوں نے صحافیوں سے گفتگو نہیں کی۔ اس موقع پر ایک خاتون نے انہیں کہا کہ "آپ بہت بہادر اور خوب صورت ہیں" جس پر کیرول نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں ایک بیان میں جین کیرول کا کہنا تھا کہ "میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف یہ مقدمہ اپنا نام صاف کرنے اور اپنی زندگی واپس لینے کے لیے دائر کیاتھا، آج آخرکار دنیا کو حقیقت کا پتا چل گیا ہے۔"

انہوں نے کہا،"یہ جیت صرف میری نہیں بلکہ ہر اس عورت کی ہے جس نے درد کا سامنا کیا، کیوں کہ اس پر یقین نہیں کیا گیا۔"

"بوگس کیس"

' ٹرمپ نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئےاسے رسوائی سے تعبیر کیا ہے۔ سابق صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ "یہ فیصلہ ایک رسوائی ہے - یہ اب تک کی سب سے بڑی انتقامی کارروائی کا ایک تسلسل ہے۔"

انہوں نے کیرول کے بارے میں کہا،"مجھے نہیں معلوم کہ یہ عورت کون ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024 کی صدارتی نامزدگی کے لیے مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ"کوئی غلطی نہ کریں یہ پورا بوگس کیس ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی سیاسی کوشش ہے کیوں کہ وہ ایک مرتبہ پھر امریکہ کے صدر منتخب ہونے کے لیے صفِ اول میں ہیں۔"

ٹرمپ کےوکیل دفاع جوزف ٹاکوپینا نے کہا کہ سابق صدر اس نتیجے کے خلاف اپیل کریں گے، وکیل نے مزید کہا کہ ان کا خیال ہے کہ "بہت سارے مسائل" ہیں جن کی بنیاد پر فیصلے کو کالعدم کرانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG