معروف جنوبی کورین بینڈ 'بی ٹی ایس' کے اراکین اپنے ملک کے قانون کے تحت اب فوج میں فرائض سر انجام دیں گے۔
سات رکنی بینڈ کی انتظامی کمپنی 'بگ ہٹ میوزک' نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بینڈ کے اراکین میں عمر کے اعتبار سے سب سے بڑے فن کار 'جن' ہیں جو رواں برس اکتوبر کے آخر میں فوج میں بھرتی کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔
اس سے قبل 'جن' نے فوجی خدمات میں تاخیر کی درخواست دی تھی لیکن اب وہ کچھ عرصے تک گلوکاری سے کنارہ کشی کریں گے اور فوج میں خدمات پیش کریں گے۔
بی ٹی ایس کے دیگر چھ اراکین بھی فوج میں لازمی خدمات سرانجام دیںے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بگ ہٹ نے اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ "سن 2025 تک فوج میں فرائض سرانجام دینے کے بعد کمپنی اور بی ٹی ایس کے اراکین دونوں ہی دوبارہ ایک گروپ کے طور پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔"
یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے قوانین کے مطابق ملک میں جسمانی طور پر صحت مند مردوں کو 18 سے 28 برس کی عمر کے درمیان 18 سے 21 ماہ تک فوج میں خدمات انجام دینا لازم ہے۔
تاہم اولمپئنز، ایشین گیمز میڈل کے فاتحین، کلاسیکل موسیقاروں اور مقابلوں میں ٹاپ انعامات جیتنے والے ڈانسرز کو فوج میں مختصر مدت تک کے لیے لازمی خدمات پیش کرنا ہوتی ہے یا انہیں اس میں چھوٹ دے دی جاتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ چند قانون سازوں نے فوج میں خدمات دینے سے متعلق جنوبی کورین بینڈ 'بی ٹی ایس' کو استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بی ٹی ایس کے تمام اراکین نے گزشتہ ہفتے بوسان شہر میں جنوبی کوریا کو'ورلڈ ایکسپو 2030' کی میزبانی میں مدد کے لیےمفت کانسرٹ میں اکھٹا پرفارم کیا تھا۔
اس سے قبل جون 2022 میں بی ٹی ایس اراکین نے اپنے سولو پروجیکٹس پر کام کرنے کے لیے بینڈ کی سرگرمیوں سے وقفے کا اعلان کیا تھا۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔