قطر نے اتوار کو کہا کہ 20 نومبر سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے لازمی پاس کے لیے 15 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی ہے۔
’حیا پاس سروس ‘کے سربراہ سعد السویدی نے کہا کہ اب تک 15 لاکھ سے17 لاکھ کے درمیان لوگ اس کارڈ کے لیے درخواست دے چکے ہیں، جو کہ ویزا، میچ ٹکٹ، ٹرانسپورٹ ٹکٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور کچھ فین زونز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق قطر جانے والے تمام مسافروں کو یکم نومبر سے داخلے کے لیے پاس کی ضرورت ہوگی، چاہے وہ کوئی گیم دیکھنا چاہیں یا نہیں۔
قطر نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ میچ دیکھنے کے لئے 10 لاکھ سے زیادہ غیر ملکی اور لاکھوں ملکی شائقین آئیں گے بین الاقوامی شائقین کو ٹکٹ خریدنے اور رہائش حاصل کرنے کے بعد پاس کے لیے درخواست دینا ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ دوحہ کے2 بین الاقوامی ہوائی اڈے روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد کے اندراج کی تیاری کر رہے ہیں۔
سعودی عرب سے زمینی راستے کے ذریعے دوحہ جانے والوں کولازمی طور پر بس سے سفر کرنا ہوگایا اپنی گاڑی سے جانے کے لئے 1,375 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی
حکام کا کہنا ہے کہ ابو سمرہ لینڈ کراسنگ پر سرحدی اہلکار فی گھنٹہ 4000 افراد کی کاغذی کارروائی مکمل کر سکیں گے۔
اس خبر کے لیے مواد اے ایف پی سے لیا گیا۔