کراچی کی سیاست میں گزشتہ 20 روز سے سرگرم سابق ناظم شہر مصطفی کمال نے بالآخر بدھ کو اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کردیا ہے۔
’پاک سر زمین پارٹی‘ کی تشکیل کا اعلان انہوں نے تین مارچ سے اب تک ہونے والی متعدد پریس کانفرنسز میں کیا تھا لیکن یہ پارٹی اب تک بے نام تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 23 مارچ کے تاریخی دن اپنی جماعت کے نام سے سب کو آگاہ کریں گے چنانچہ آج ان کا یہ وعدہ پورا ہوگیا۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک بینکویٹ ہال میں اس حوالے سے بدھ کو ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مصطفی کمال نے پارٹی کے نام کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ آج سے 20 روز قبل یعنی 3 مارچ کو جس پارٹی کا اعلان کیا گیا تھا، آج اس کا نام رکھ دیا گیا ہے، آئندہ ہر سال وطن کی بنیاد رکھنے اور "وطن پرستی کا دن" ایک ساتھ منایا جائے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ ”ہم کراچی میں سیاسی قوت یا کسی کا اقتدار چھیننے نہیں آئے، مجھ سمیت میرے ساتھ جتنے بھی لوگ ہیں ان کے پاس پہلے عہدے اور سیاسی قوت تھی لیکن ہم نے ان تمام پاورز، اقتدار اور مراعات کو جوتے کی نوک پر رکھا اور سب کچھ چھوڑا کیوں کہ ہم بت شکن ہیں، ہم یہاں عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں، یہی ہمارا نصب العین ہے۔“
سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی مختلف ٹکڑوں میں بٹ گئے ہیں، کوئی مذہب کے نام پر، کوئی مسلک کی بنیاد پر، کوئی قومیت کی بنیاد پر اور کوئی سیاسی جماعتوں کی بنیاد پرتقسیم ہے۔ ہر کوئی اس بات کا پرچار کررہا ہے کہ جو اس کا ماننے والا ہے وہی درست ہے اور سب غلط ہیں، ہم اس ملک سے باہر جاکر بھی پاکستانی نہیں رہتے۔"
مقامی میڈیا اور وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ”پارٹی کا جھنڈا ہی سب سے بڑی فساد کی جڑہوتا ہے، ہم نے پارٹی کا جھنڈا ہی نہیں بنایا، اگر الیکشن کمیشن کو پارٹی جھنڈے کی ضرورت ہے تو اس کے لیے بنادیں گے لیکن کارکنوں کے ہاتھ میں پارٹی کا نہیں۔۔ پاکستان کا جھنڈا دیں گے۔“
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کو رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونے دیں گے، ہمارے ماننے والے سب سے پہلے سیاسی دشمن کو گلے لگائیں، ہم نے پاکستانیوں کو مزید ٹکڑوں میں نہیں بانٹنا اورہم کسی پاکستانی سے دشمنی نہیں کرنا چاہتے۔
مصطفی کمال نے 24 اپریل کو مزار قائد کے قریب واقع باغ جناح میں پہلا جلسہ عام منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلسے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ پارٹی منشور پر کام ہورہا ہے وہ بھی جلد ہی عوام کے سامنے لائیں گے۔
انیس قائم خانی، ڈاکٹر صغیر، وسیم آفتاب، افتخار عالم، رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر مصطفی کمال اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے مزارقائد پر حاضری دی۔