رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ سے مزید دو افراد ہلاک، ڈبل سواری پر پابندی


پولیس کے مطابق فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب عباس ٹاوٴن میں گزشتہ روز کے بم دھماکے میں مرنے والے افراد کے لواحقین میتوں کی تدفین کے بعد واپس جارہے تھے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کی شام ہونے والی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں میں رینجرز کے پانچ اہلکار بھی شامل ہیں۔ جن علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ان میں الآصف اسکوائر، سہراب گوٹھ، انچولی، سپر ہائی وے، انڈس پلازہ اور عباس ٹاوٴن شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب گزشتہ روز عباس ٹاوٴن بم دھماکوں میں مرنے والے افراد کے لواحقین میتوں کی تدفین کے بعد واپس جارہے تھے۔

فائرنگ سے مختلف علاقوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ جب کہ اس دوران مشتعل افراد نے کم از کم پانچ گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔

رینجرز کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زخمیوں میں رینجرز کا ایک افسر اور چار اہلکار شامل ہیں جنہیں سی ایم ایچ ملیر منتقل کیا گیا ہے۔

جناح اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا ہے کہ وہاں چار زخمیوں کو لایا گیا ہے جبکہ عباسی اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر سلیم نے پانچ زخمیوں کو اسپتال لائے جانے کی تصدیق کی۔

واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ ہاوٴس میں کراچی کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاوٴس کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیر اور منگل کی شب رات بارہ بجے سے شہر میں موٹرسائیکل پہ ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
XS
SM
MD
LG