رسائی کے لنکس

کراچی میں سمندر کنارے رنگوں اور خوشبو کی بہار


کراچی میں سجی پھولوں کی نمائش
کراچی میں سجی پھولوں کی نمائش

کراچی میں منعقدہ پھولوں کی 3 روزہ نمائش میں ہزاروں اقسام کے پھول، پودوں سمیت درختوں کی بے شمار اقسام رکھی گئیں جن کو دیکھنے کیلئے شہریوں نے جوق در جوق سمندر کنارے لگی اس نمائش کا رخ کیا۔

رنگ، خوشبو، خوبصورتی اور نرم و نازک احساس کا خیال آتے ہی ذہن میں پھولوں کا خیال ابھر آتا ہے۔ دنیا کے دیگر حصوں کی طرح کراچی شہر میں بھی بہار کو خوش آمدید کہنے کے لیے پھولوں کی 3 روزہ نمائش"فلاور شو" منعقد کیا گیا۔

کراچی شہر میں سمندر کے کنارے سی ویو پارک میں ہورٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سے " 62 ویں فلاور شو" کا مقصد شہریوں میں باغبانی کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔کراچی شہر میں ہر سال بہار کی آمد پرپھولوں کی نمائش لگائی جاتی ہے۔

کراچی میں منعقدہ پھولوں کی 3 روزہ نمائش میں ہزاروں اقسام کے پھول، پودوں سمیت درختوں کی بے شمار اقسام رکھی گئیں جن کو دیکھنے کے لیے شہریوں نے جوق در جوق سمندر کنارے لگی اس نمائش کا رخ کیا۔

باغبانی کے مختلف اداروں کی جانب سے خوبصورت پھول اور پودے فروخت کیلئے بھی رکھے گئے تھے۔ شہریوں نے مختلف انواع و اقسام کے پھول خریدے بھی اور دیکھنے بھی،زیادہ تر خواتین اپنے گھروں میں سجاوٹ کے لیے قدرتی پھولوں کی خریداری میں مصروف نظر آئیں۔

ایک خاتون شہری نے وائس آف امریکہ کی نمائندہ سے گفتگو میں کہا کہ" مجھے اپنے گھر کے لان میں رنگ برنگے پھول لگانے کا بہت شوق ہے اس طرح کی نمائش سے کئی خوبصورت قسم کے پھولوں کو دیکھنے اور خریدنے کا اچھا موقع مل گیا ہے۔ شہر میں ایسی نمائش ہوتی رہنی چاہیئے"

نمائش میں شریک ایک اور شخص نے بتایا کہ ’’قدرت کی اس خوبصورتی کو دیکھ کر رشک آتا ہے کتنے قسم قسم کے پھول ہیں سب کی اپنی ایک خاصیت ہے اپنی خوبصورتی ہے۔ میرا مشغلہ شروع سے گارڈننگ رہا ہے،گھر میں یہ پھول لگانے سے لان میں چار چاند لگ جائیں گے۔‘‘

کراچی شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پھیلی خوف کی فضا میں پھولوں کی اس نمائش کا انعقاد شہریوں کیلئے یہ کسی خواشگوار تفریح سے کم نہیں۔


پھولوں کی نمائش کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ہر کوئی پھولوں کا دیوانہ ہے۔ پھول پودے قدرت کے حقیقی رنگوں نے شہریوں کو اپنی جانب خوب مائل کیا۔ نمائش میں خواتین اور بچوں سمیت ہر عمر کے افراد شریک تھے۔نمائش کے آخری روز چھٹی والے دن شہر کے مختلف علاقوں سے فیملیز کی بڑی تعداد نے پھولوں کی اس نمائش میں شرکت کی۔

کراچی کا ٹھاٹھے مارتا سمندر جہاں شہریوں سمیت بیرون ممالک سے آنےوالے سیاحوں کے لئے دلچسپی کا باعث ہے وہیں پھولوں کی اس نمائش نے ساحل سمندر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا۔
XS
SM
MD
LG