رسائی کے لنکس

کراچی: پرتشدد واقعات میں 4 افرادہلاک، متعدد دہشت گرد گرفتار


کراچی صورت حال
کراچی صورت حال

سرکاری ذرائع کے مطابق، ایسٹ زون پولیس نے کارروائی کرکے شہر کے مختلف علاقوں سے 22 ملزمان کو حراست میں لیا ہے، جبکہ دوسری کارروائیوں میں سہراب گوٹھ کے علاقے سے چھ اور سائٹ ایریا سے پولیس مقابلے کے بعد چار ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا

جمعرات کے روز کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات جاری رہے جِن میں چار افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔

پرانے حاجی کیمپ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس نے اِسے تشدد کا واقعہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب، ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا، جب کہ اورنگی ٹاون کے علاقے سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔

کھڈا مارکیٹ اور بلدیہ ٹاون کے علاقے میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے، آرام باغ کے علاقے میں ڈکیتی کی مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

بتایا جاتا ہے کہ ایسٹ زون پولیس نے کارروائی کرکے شہر کے مختلف علاقوں سے 22 ملزمان کو حراست میں لیا ہے ، جبکہ دوسری کارروائیوں میں سہراب گوٹھ کے علاقے سے 6 افراد کو گرفتار کیاگیا اور سائٹ ایریا سے پولیس نے مقابلہ کے بعد 4 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

مذہبی جماعت سنی تحریک کے سربراہ، ثروت اعجاز قادری نے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ، ’ کراچی میں پہلے مذہبی دہشت گردی تھی اور آج سیاسی دہشت گردی ہے‘۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ اُس وقت تک ممکن نہیں ہوگا، جب تک، اُن کے بقول، ’حکومت و انتظامیہ سیاسی مصلحت پسندی سے بالاتر ہوکر فیصلے نہ کریں‘۔
XS
SM
MD
LG