رسائی کے لنکس

کراچی آپریشن، وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی تیاری


منگل کے روز ہونے والے اس اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ، چیف سیکریٹری، آئی جی، ڈی جی آئی ایس آئی ،ڈی جی رینجرز اور ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر فاروق ستار وزیر اعظم کی خصوصی دعوت پر شرکت کریں گے

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف منگل کو اپنی کابینہ کے ہمراہ کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں کراچی کی موجودہ صورتحال اور شہر میں ممکنہ ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے بدھ کو اہم اجلاس ہوگا۔

اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، چیف سیکریٹری، آئی جی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی رینجرز اور ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر فاروق ستار وزیر اعظم کی خصوصی دعوت پر شرکت کریں گے۔ تاہم، سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو وفاق کی جانب سے اس اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔

چار روز قبل چیف سیکرٹری سندھ کی طرف سے وفاق کو لکھے گئے ایک خط میں سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کوبھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کرنے کی اجازت کے لئے درخواست مانگی گئی تھی۔

ادھر وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے کراچی کی صورتحال پر بلائے گئے خصوصی اجلاس کیلئے تیار کردہ بریفنگ وزیر داخلہ کو پیش کردی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والے کابینہ کے اس خصوصی اجلاس میں کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کئے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو آپریشن کے حوالے سے خصوصی اختیارات دینے سے متعلق بھی اہم فیصلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب، پیر کو اسلام آباد میں بھی وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں امن وامان کی مخدوش صورتحال سمیت اہم امور پر غور ہوا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کی موجودہ صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں کراچی میں قتل و غارت گری، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث گروپوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
XS
SM
MD
LG