رسائی کے لنکس

کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاری: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ راولپنڈی منتقل


پاکستان کی ٹیم راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس میں مصروف ہے۔
پاکستان کی ٹیم راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس میں مصروف ہے۔
  • پی سی بی کے مطابق کراچی کے اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام جاری ہے۔
  • بیان میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی کام کے سبب کھلاڑی اور دیگر حکام متاثر ہو سکتے ہیں۔
  • راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میں شائقین کو براہِ راست میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
  • پہلا ٹیسٹ 21 اگست جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 سے کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دی ہے۔ پی سی بی نے میچ منتقل کرنے کی وجہ کراچی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں آئندہ برس ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری قرار دی ہے۔

پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے تین ستمبر تک کراچی میں شیڈول تھا جو اب راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کی ہوم سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ دو دن بعد 21 اگست کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے دونوں میچ راولپنڈی میں کرانے کے حوالے سے بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ سے مشاورت کرکے فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تعمیراتی کام جاری ہے۔

چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں ہوگی جس میں آٹھ ٹیموں کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے تین میچ کراچی، پانچ راولپنڈی اور سات میچ لاہور میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ان مقابلوں کے انعقاد کے لیے ملک کے اکثر اسٹیڈیم اپ گریڈ کرنے میں مصروف ہے۔

قبل ازیں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ کراچی میں ٹیسٹ میچ میں شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی نے ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ اب شائقین میچ میدان میں براہِ راست بھی دیکھ سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ تعمیراتی کام کے دوران بھی نیشنل اسٹیڈیم میں میچ ہونا ممکن تھا۔ لیکن ماہرین نے آگاہ کیا کہ تعمیراتی کام کے شور سے کھلاڑی متاثر ہو سکتے تھے۔ جب کہ گرد و غبار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ دیگر حکام اور میڈیا نمائندوں کے لیے مضرِ صحت ہو سکتا تھا۔

پیر کو پی سی بی کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے سلسلے میں اسٹیڈیمز میں تعمیراتی کام مسلسل جاری ہے۔ پاکستان کا کوئی اسٹیڈیم بھی بین الاقوامی سطح کا نہیں تھا اس لیے ان میدانوں کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پہلے طے کیا تھا کہ میچ بغیر شائقین کے ہو جائے گا۔ لیکن سیکیورٹی اداروں کا کہنا تھا کہ اگر میچ کی سیکیورٹی کو مدِ نظر رکھا جائے تو مزدوروں کو بھی میدان میں نہ آنے دیا جائے۔

XS
SM
MD
LG