کینیا کے داخلی سلامتی کے اُمور سے متعلق وزیر جارج سائٹوٹی اور کم از کم پانچ دیگر افراد اتوار کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر دارالحکومت نیروبی کے قریب پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں جارج سائٹوٹی کے ایک معاون اور اُن کا محافظ بھی شامل ہیں۔
سائٹوٹی نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے تھے، اور وہ آئندہ برس مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا بھی ارادہ رکھتے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونے والے دیگر افراد کی شناخت نہیں ہوئی ہے کیوں کہ اُن کی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں۔
ماہرین نے اس حادثے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔