رسائی کے لنکس

کیری کی پاکستان آمد، ڈرونز اور افغان جنگ پر گفتگو متوقع


فائل
فائل

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ پُر امید ہیں کہ مسٹر نواز شریف کا انتخاب اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا تعلقات کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں

امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاکستانی حکام کے ساتھ امریکی ڈرون حملوں، ہمسایہ افغانستان میں لڑائی اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بات چیت کریں گے۔

جان کیری جمعرات کو اسلام آباد میں سویلین اور فوجی قائدین سے ملاقات کرنے والے ہیں، جن میں حال ہی میں منتخب ہونے والے وزیر اعظم، نواز شریف اور فوج کے سربراہ، جنرل اشفاق کیانی شامل ہیں۔

پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات بڑھے ہیں، جن میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کی قدردانی میں ناکام رہا ہے۔

لیکن، امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ پُرامید ہیں کہ مسٹر نواز شریف کا انتخاب اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا تعلقات کو نئی نہج پر لے جانے کا ایک موقع فراہم کرتے ہیں۔

اوبامہ انتظامیہ نے 2011ء سے کوئی اعلیٰ سفارت کار پاکستان نہیں بھیجا۔

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، جین پساکی کا کہنا ہے کہ، ’امریکی وزیر خارجہ کیری نئی منتخب حکومت کے ساتھ صلاح مشورے اور پاکستانی عوام کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے امریکی عزم کے ساتھ اسلام آباد پہنچے ہیں‘۔

واشنگٹن میں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ کی بات چیت وسیع تر موضوعات پر محیط ہوگی، جن میں باہمی مفاد کے علاقائی امور کے علاوہ سلامتی کو فروغ دینا، پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانا، امریکہ اور پاکستان کے مابین عوامی سطح پر مراسم کو تقویت دینا شامل ہے۔

سینیٹر کی حیثیت سے جان کیری ماضی میں پاکستان جاتے رہے ہیں، لیکن وزیر خارجہ کے طور پر یہ اُن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

واشنگٹن واپس آنے سے قبل، وزیر خارجہ برطانوی حکام سے ملاقاتوں کے لیے لندن رکیں گے۔
XS
SM
MD
LG