رسائی کے لنکس

جان کیری کمبوڈیا میں، دوطرفہ تعلقات و تجارت پر بات چیت


جان کیری کی کمبوڈیا کے وزیراعظم ہون سین سے ملاقات۔
جان کیری کی کمبوڈیا کے وزیراعظم ہون سین سے ملاقات۔

حالیہ برسوں میں امریکہ اور کمبوڈیا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں پیش رفت ہوئی ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے منگل کو کمبوڈیا کے وزیراعظم ہون سین سے ملاقات سے میں کمبوڈیا کی اقتصادی ترقی کی تعریف کی۔

’’کمبوڈیا نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ ہمیں ناقابل یقین تبدیلیاں نظر آتی ہیں اور یہ صرف (دارالحکومت) پنوم پیم میں ہی نہیں جو ساڑھے تین لاکھ آبادی والے جنگ زدہ شہر سے 22 لاکھ آبادی پر مشتمل جدید شہر میں تبدیل ہو گیا ہے۔‘‘

وزیراعظم نے جان کیری کو بتایا کہ اگلے ماہ امریکہ کی میزبانی میں ہونے والی خصوصی آسیان سربراہ کانفرنس کو وہ امریکہ اور آسیان ممالک کے درمیان ’’اسٹریٹجک شراکت داری میں آگے کی طرف ایک قدم‘‘ سمجھتے ہیں۔

کیری ایشیا کے دورے کے دوسرے مرحلے میں ہیں جس میں پہلے وہ لاؤس گئے اور اب چین جائیں گے۔

اس سے قبل منگل کو انہوں نے کہ کمبوڈیا کے وزیرخارجہ ہاؤ نام ہونگ سے ملاقات کی تھی۔ کیری نے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ حالیہ برسوں میں امریکہ اور کمبوڈیا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کمبوڈیا کی حزب اختلاف کے رہنما کم سوکھا سے بھی ملاقات کی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے کمبوڈیا میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

کمبوڈیا کے حزب اختلاف کے رہنما سیم رینگسی سیاسی محرکات پر مبنی الزامات سے بچنے کے لیے خود ساختہ جلاوطنی میں ہیں جبکہ حزب اختلاف کے 17 رہنما اور سرگرم کارکن جیل میں ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا سے تعلقات میں بہتری اصلاحات کی ضمانت کی شرط پر لائی جانی چاہیئے۔

کمبوڈیا سے جان کیری چین جائیں گے جہاں وہ بیجنگ پر زور دیں گے کہ وہ شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے متعلق اس پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ توقع ہے کہ وہ بحیرہ جنوبی چین میں بحری تنازعات پر امریکہ کی تشویش کا بھی اظہار کریں گے۔

XS
SM
MD
LG