آب و ہوا کے امور سے متعلق اعلیٰ امریکی عہدے دار جان کیری نے چین کے اپنے دورے میں منگل کے روز چین کے اعلیٰ سفارت کار سے ملاقات میں کہا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکہ اور چین کے درمیان حالیہ عرصے میں دو طرفہ تعلقات اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے تھے جس کے بعد دونوں ملک اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ دوبار شروع کر نا چاہتے ہیں۔
جان کیری وہ تیسرے اعلیٰ امریکی عہدے دار ہیں جو ان تین مہینوں کے دوران چین گئے ہیں۔ ان سے قبل وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور وزیر خزانہ جینٹ ییلن بیجنگ کا دورہ کر چکی ہیں۔
اپنے دورے کے دوسرے روز کیری نے بیجنگ میں حکمران کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ تعلقات امور کے سربراہ وانگ یی سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ صدر بائیڈن کو توقع ہے کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششیں دنیا میں ایک نمایاں تبدیلی لا سکتی ہیں۔
بات چیت کے آغاز میں چین کے اعلیٰ سفارتی عہدے دار وانگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو باہمی گفت شنید میں فقدان کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن چین بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے میں یقین رکھتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کیری نے چین پر زور دیا کہ وہ کاربن اور میتھین گیسوں کا اخراج گھٹائے اور جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی پر کنٹرول کرے۔
کاربن اور میتھین گیسوں کا بڑے پیمانے پر اخراج دنیا بھر میں آب و ہوا کی تبدیلی کا سبب بن رہا ہے اور حالیہ مہینوں میں شدید گرمی کی لہریں، طوفانی بارشیں اور ہلاکت خیز سیلاب گلوبل وارمنگ کا شاخسانہ سمجھے جاتے ہیں۔
امریکہ اور چین دو ایسے ممالک ہیں جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ کاربن گیسیں خارج کرتے ہیں۔
چین کوئلے کی پیداوار اور استعمال میں دنیا میں سرفہرست ہے، اور وہ کوئلے سے چلنے والے نئے پلانٹس کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے جو ہر سال بڑی مقدار میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس فضا میں شامل کرتے ہیں۔ تاہم چین شمسی توانائی اور ہوا کی توانائی کے منصوبوں کو بھی فروغ دے رہا ہے جن سے کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
چین نے 2030 تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے اور 2060 تک کاربن کا استعمال صفر پر لانے کا وعدہ کیا ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ معدنی ایندھن کے استعمال میں مزید کمی کرنے کے اہداف پر عمل کرے۔
کیری نے منگل کو چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اپنی بات چیت میں کہا کہ امریکہ اور چین کو آب و ہوا کی تبدیلی کے "خطرناک چیلنج" سے نمٹنے کے لیے ہم آہنگی کو مضبوط کرنا چاہیے۔
اس سے قبل پیر کے روز کیری نے اپنے چینی ہم منصب ژی شینہووا سے ملاقات کی تھی۔
(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)