رسائی کے لنکس

کیمیائی ہتھیاروں پر سمجھوتے کی فوری توثیق کی جائے: کیری


اپنے بیان میں اُنھوں نے کہا کہ اُن لوگوں کے ساتھ مزید دلیل بازی کا وقت باقی نہیں رہا، جو اب بھی قائل نہیں کہ گذشتہ ماہ ہونے والے کیمیائی حملے کی ذمہ دار شامی صدر بشار الاسد کی حکومت ہے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے سےمتعلق امریکہ روس کے مابین طے پانے والے سمجھوتے کی فوری منظوری دے۔

اُنھوں نے کہا کہ اُن لوگوں کے ساتھ مزید دلیل بازی کا وقت باقی نہیں رہا، جو اب بھی قائل نہیں ہوئے کہ گذشتہ ماہ ہونے والے کیمیائی حملے کی ذمہ دار شامی صدر بشار الاسد کی حکومت ہے۔

جمعرات کے دِن محکمہٴ خارجہ میں اپنے خطاب کے دوران جان کیری نے روسی صدر کا نام لیے بغیر، واضح طور پر ولادیمیر پیوٹن کے بیان پر نکتہ چینی کی، جِس میں روسی صدر نے کہا تھا کہ وزنی وجوہات موجود ہیں کہ اس حملے کا ذمہ دار اسد نہیں، بلکہ شامی باغی ہیں۔

پیوٹن نے کہا کہ حملے میں اُس ’قدیم‘ سوویت ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا، جو اب شام کی فوج کے استعمال میں نہیں رہی۔

کیری نے کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کی طرف سے تیار کی گئی رپورٹ یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ حملہ اسد کی کارستانی ہے۔
XS
SM
MD
LG