رسائی کے لنکس

بھارت، امریکہ غیر فوجی جوہری معاہدہ ’انتہائی اہم‘ قرار


جان کیری نے کہا ہےکہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن جولائی کے وسط میں نئی دہلی آئیں گے، تاکہ جوہری معاہدے کے سلسلے میں مزید بات چیت کرکے اسے عملی جامہ پہنایا جاسکے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارت کے ساتھ غیر فوجی جوہری تعاون معاہدے کو ’انتہائی اہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن جولائی کے وسط میں نئی دہلی آئیں گے، تاکہ اِس سلسلے میں مزید بات چیت کرکے اس کو روبعمل لایا جاسکے۔

اُنھوں نے یہ بات اپنے بھارتی ہم منصب سلمان خورشید کے ساتھ باہمی مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران کہی۔

جان کیری نے افغانستان کی تعمیر نو میں بھارت کی اقتصادی سرگرمیوں کی حمایت کی اور کہا کہ نئی دہلی اور واشنگٹن دونوں ایک مستحکم، جمہوری، متحد، خودمختار اور خوش حال افغانستان کی حمایت کرتے ہیں۔
طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت میں بھارت کی فکر مندی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
اُنھوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بھارت سے کہا کہ وہ ایران کی نئی قیادت کو آمادہ کرے کی وہ تہران کی بین الاقوامی ذمہداروں کا احساس کرے اور اُنھیں پورا کرے۔
دورے پر آئے ہوئےامریکی وزیر خارجہ نے پیر کے روز اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی۔ دونوں راہنماؤں نے حیدرآباد ہاؤس میں چوتھے دور کے بھارت امریکہ اسٹریٹجک مذاکرات کے تحت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
اِس موقع پر دونوں راہنماؤں نے آپس کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بعدازاں، جان کیری نے کہا کہ اُنھوں نے سلمان خورشید کے ساتھ تعاون، سائنس و تیکنالوجی، مشترکہ منصوبے، دفاع، تعلیم، زراعت اور صحت سے متعلق امور پر تبادلہٴ خیال کیاہے ۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG