ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے سلسلے میں، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی جمعے کو پیرس میں اپنے ایرانی ہم منصب، جواد ظریف سے ملاقات ہوئی۔
امریکی محکمہٴخارجہ کے ایک اہل کار نے کہا ہے کہ یہ ملاقات اِسی ہفتے کے اوائل میں جنیوا میں ہونے والی اُن کی ملاقاتوں کا ایک تسلسل تھی، جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اہل کار نے بتایا کہ اُنھوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھنے اور اگلے ہفتوں کے دوران دوبارہ ملنے پر اتفاق کیا۔
پچھلے ہفتے کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے، کیری پیرس گئے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل، اِسی ہفتے امریکی حکام نے کیری اور ظریف کے مابین ہونے والے جنیوا مذاکرات کو ’بامعنی‘ قرار دیا تھا۔
ایران اور چھ عالمی طاقتیں۔۔امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس۔۔ یکم جولائی کی ڈیڈلائن تک ایران کے جوہری پروگرام پر حتمی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نومبر کی ڈیڈلائن تک سمجھوتا نہیں ہو پایا تھا، جس کے بعد مذاکرات کی تاریخ کو بڑھا دیا گیا تھا۔