رسائی کے لنکس

پاکستان کو مطلوب طالبان کمانڈر افغانستان میں قتل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدہ ہونے والے ایک دھڑے کے ترجمان قاری سیف اللہ محسود المعروف گیلامن کو نامعلوم حملہ آورں نے افغانستان میں گولیاں مار کر قتل کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستان کی فوج کے آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے افغانستان کے سرحدی صوبے خوست میں قائم گولون کیمپ کے قریب قاری سیف اللہ محسود کو حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب قبائلی رہنما دعویٰ کر رہے ہیں کہ قاری سیف اللہ محسود کی ہلاکت پاکستان کے ضلع کرم سے ملحقہ افغانستان کے سرحدی علاقے میں ہوئی ہے۔

قبائلی صحافی فاروق محسود نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں قاری سیف اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کو شہرت تین نومبر 2015 کو جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافی زمان محسود کے قتل کی ذمہ داری کے بعد ملی تھی۔

کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں نومبر 2013 میں امریکی ڈرون حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر حکیم اللہ محسود ہلاک ہوئے تھے ان کی ہلاکت کے بعد قاری سیف اللہ نے خود کو حکیم اللہ محسود گروپ کا ترجمان کہلانا شروع کیا تھا۔

وہ اپنے آپ کو حکیم اللہ محسود کے بھائی شہر یار محسود اور خودکش حملہ آوروں کو باقاعدہ ٹریننگ دینے والے قاری حسین کے گروہ سے منسلک بتاتے تھے۔

چند ماہ قبل قاری سیف اللہ محسود نے ایک ویڈیو پیغام میں سیکیورٹی فورسز، ریاستی املاک اور حکومتی حمایت کرنے یا وفادار قبائلی رہنماؤں پر بھی حملے کرنے کی دھمکی دی تھی۔
رواں ماہ کے اوائل میں قاری سیف اللہ محسود نے وائس آف امریکہ کی پشتو سروس سے منسلک خیبر پختونخوا سمیت قبائلی علاقوں کے صحافیوں کو بھی دھمکیاں دی تھیں۔ جن افراد کو دھمکیاں دی گئیں تھیں ان میں عدنان بیٹنی نمایاں تھے۔

پاکستان کی فوج نے 2009 میں سوات، 2010 میں جنوبی وزیرستان، جون 2014 میں شمالی وزیرستان اور اکتوبر 2014 میں خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشن کیے تھے۔ ان کارروائیوں کی وجہ سے فرار ہونے والے زیادہ تر عسکریت پسند مبینہ طور پر سرحد پار افغانستان کے مختلف علاقوں میں روپوش بتائے جاتے ہیں۔

سرحد پار سے اکثر پاکستان کے قبائلی علاقوں اور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں پر تشدد کارروائیاں بھی کی جاتی رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG