بالی وڈ میں ساتھی اداکاروں کے ساتھ شادی کرنے کا رواج نیا نہیں ہے۔ گزشتہ برس رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بات کی جائے یا کترینہ کیف اور وکی کوشل کی، کئی اداکاروں نے انڈسٹری میں ہی اپنے جیون ساتھی کو چنا ہے۔
ماضی میں بھی کئی بالی وڈ اسٹارز نے ساتھی فن کاروں کے ساتھ شادی کی جن میں اداکارہ کرینہ کپور اور سیف علی خان، کاجول اور اجے دیوگن سمیت متعدد شامل ہیں۔
اب بالی وڈ نگری میں ان دنوں اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا اڈوانی کی شادی کے چرچے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے تو دونوں کی شادی کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم کیارا اور سدھارتھ دونوں ہی اس معاملے پر خاموش ہیں اور انہوں نے اپنی شادی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی۔
بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی آئندہ ماہ فروری میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے اور دونوں کی شادی ریاست راجستھان میں ہو گی۔
'ٹائمز آف انڈیا' کا دعویٰ ہے کہ سدھارتھ اور کیارا کی شادی چھ فروری کو ہوگی جب کہ مہندی اور ہلدی کی رسمیں چار سے پانچ فروری کو ہوں گی۔
سدھارتھ اور کیارا کی قربتوں کا آغاز کب ہوا؟
کیارا اور سدھارتھ پہلی بار 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم 'شیرشاہ' میں نظر آئے تھے ۔ اس فلم کے بعد دونوں اداکاروں کو کئی بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔ بعدازاں دونوں کے درمیان قربتوں کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق کیارا 2022 میں ٹی وی شو 'کافی ود کرن' میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ اس شو میں انہوں نے سدھارتھ کے ساتھ تعلقات سے متعلق کہا تھا "میں سدھارتھ کے ساتھ تعلقات کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گی لیکن یہ ضرور ہے کہ ہم قریبی دوستوں سے بڑھ کر ہیں۔"
مذکورہ شو میں مدعو ایک اور مہمان اداکار شاہد کپور تھے جنہوں نے کیارا کے جواب پر کہا کہ "سال 2022 کے آخر میں بڑی خبر کے لیے تیار ہوجائیں جو فلم کا اعلان نہیں ہوگی۔"
شاہد کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کیارا اور سدھارتھ کے تعلقات سے متعلق چرچے ہونے لگے۔
حال ہی میں دونوں فن کاروں کو دبئی میں نیو ایئر کی پارٹی میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ان تصاویر میں کیارا اور سدھارتھ سمیت معروف فلم ساز کرن جوہر اور ڈیزائنر منیش ملہوترا بھی ساتھ تھے۔
یاد رہے سدھارتھ ملہوترا نے سن 2012 میں 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کے ذریعے فلم نگری میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 'ہنسی تو پھنسی'، 'ایک ولن'، 'کپور اینڈ سنز' اور 'شیر شاہ' جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا۔
کیارا اڈوانی نے سب 2014 میں کامیڈی فلم 'فگلی' کے ذریعے ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' میں نظر آئیں۔
اداکارہ کو فلم 'کبیر سنگھ' کے بعد خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں انہوں نے فلم 'جگ جگ جیو'، 'بھول بھلیاں ٹو' اور 'شیر شاہ' میں اداکاری کی۔