رسائی کے لنکس

کنگ خان کی ٹی وی پر واپسی، جلد نئے گیم شو 'زور کا جھٹکا' میں نظر آئیں گے


کنگ خان کی ٹی وی پر واپسی، جلد نئے گیم شو 'زور کا جھٹکا' میں نظر آئیں گے
کنگ خان کی ٹی وی پر واپسی، جلد نئے گیم شو 'زور کا جھٹکا' میں نظر آئیں گے

کنگ خان نے ٹی وی اسکرین پر دوبارہ آنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب آپ انہیں بہت جلد ایک نئے ٹی وی گیم شو 'زور کا جھٹکا 'میں دیکھیں گے۔ آپ نے یقیناآخری مرتبہ شاہ رخ خان کو اسٹار پلس کے گیم شو 'کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں؟ 'میں دیکھا ہوگاجبکہ اس سے قبل وہ 'کون بنے گا کروڑ پتی'کے دوسرے سیشن کے میزبان تھے۔ 'زور کا جھٹکا ' Imagine چینل کا پروگرام ہے جواگلے مہینے یعنی جنوری سے آن ائیر ہوگا۔

دراصل 'زور کا جھٹکا 'انگریزی گیم شو Wipeoutکا فرنچائز ہے ۔ اس شو کی ذمے داری شاہ رخ خان نے اٹھائی ہے جبکہ شو میں ان کے علاوہ بھی 28 مشہورٹی وی آرٹسٹ شرکت کریں گے۔یہ گیم شو ارجنٹائن میں تیار ہوگا۔ اس میں مجموعی طور پر جو انعامات دیئے جائیں گے ان کی مالیت ڈیڑھ کروڑروپے ہے جس میں سب سے بڑا نقد انعام پچاس لاکھ روپے ہوگا۔ ظاہر ہے کہ یہ نقد انعام فائنل راوٴنڈ جیتنے والے کو دیا جائے گا۔

اس گیم شو میں ذہنی ایکسرسائز کے ساتھ ساتھ جسمانی ایکسرسائز کرانے والے چھوٹے چھوٹے مقابلے ہوں گے جن میں شرکا ء کو کسی گھومتی ہوئی بڑی سی چیز کو بغیر گرے عبور کرنا ہوگا، یا کسی بہت بڑی بال پر بغیر گرے چلنا ہوگا، چلتے ہوئے جھولے پر کرتب دکھاتے ہوئے اسے پار کرنا ہوگا۔ اور اس دوران میں جو کمنٹری ہوگی وہ شاہ رخ خان کریں گے مگر مزاحیہ انداز میں۔ ایسا انداز جس سے دیکھنے والے اور گیم کے شرکا دونوں لوٹ پوٹ ہوجانے پر مجبور ہوجائیں۔

چونکہ شاہ رخ خان عموماً عام زندگی میں بھی مختلف چھوٹی موٹی حرکتوں اور اپنے مخصوص مزاحیہ فقروں سے سب کو ہنساتے رہتے ہیں اس لئے پروگرام کے پرفیکٹ ہوسٹ کے لئے ان سے بہتر اور کون ہوسکتا تھا۔ گیم شو کی ڈیمانڈ ہی فلبدی اور ہنستے مسکراتے جملے بولنا ہے۔ ۔۔اور شاہ رخ اس میں فٹ بیٹھتے ہیں۔

ممبئی میں اس گیم شو کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ یہ شو میرے لئے کئی حوالوں سے بہت اہم ہے اور میں اس کے شروع ہونے کا بڑی بے تابی سے انتظار کررہا ہوں ۔ میرا ٹی وی پر دوبارہ کام کرنا۔۔۔وہ بھی سمیر کے ساتھ اور Imagine پر اور ۔۔۔اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس شو میں مجھے جو کچھ کرنے کو ملے گا وہ اب سے پہلے کسی پروگرام میں نہیں ملا، اس لئے میں بہت' ایکسائٹیڈ' ہورہا ہوں۔جب آپ ایک سپر اسٹار کو گیم شو میں ہنسنے مسکرانے والی حرکتیں کرتا دیکھیں گے تو آپ کو بھی مزا آئے گا۔ اس شو کا انگریزی ورژن میں اور میرے بچے بہت شوق سے دیکھتے رہے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ imagine اور 'زور کا جھٹکا ' دونوںآ پ کو سب پریشانیوں سے آزاد ہوکر مسکرانے پر مجبور کردیں گے ۔

شاہ رخ خان کا کہنا ہے "' کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں' کی بارہ قسطیں باقی تھیں کہ میں آئی پی ایل کی طرف چل پڑا۔میں نے اسٹار پلس کو رقم واپس کرنے کی پیشکش کی لیکن چینل نے منع کردیا۔ پھر جب مجھے' زور کا جھٹکا 'کی پیشکش ہوئی تو بھی میں نے اسٹار پلس کے اودے شنکر کو فون کیا۔ انھوں نے فوراً اس پیشکش کوقبول کرنے کامشورہ دیا اور یوں مجھے ' زور کا جھٹکا ' کرنے کا موقع مل گیا۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ رئیلٹی شوز کے دیگر میزبانوں مثلاً اکشے کمار،پریانکا چوپڑااور دیگر اداکار ساتھیوں سے کوئی مقابلہ نہیں کرنا چاہتے کیونکہ بیس سال کی محنت سے وہ اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں کسی اور چیز کی تمنا نہیں ہے۔

'وائپ آوٴٹ 'دنیا کے 22ممالک کا کامیاب ترین گیم شو ہے ۔ ان ممالک میں امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں ۔ پروگرام ارجنٹائن میں ریکارڈ کیا جائے گا جو خود اپنے آپ میں ایک دلچسپی ہے ورنہ زیادہ تر پروگرام ممبئی سے باہر نہیں نکل پاتے۔ دیکھیں انڈین چینلز زکو دیکھنے والے ناظرین اس گیم شو کو کس حد تک پسند کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG