رسائی کے لنکس

کرسٹین اسٹیورٹ شہزادی ڈیانا کا کردار ادا کریں گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی ازدواجی زندگی پر بننے والی نئی فلم 'اسپینسر' میں ڈیانا کا کردار ادا کریں گی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فلم 'اسپینسر' کی کہانی شاہی جوڑے کی ازدواجی زندگی کی آخری ایام کے گرد گھومتی ہے۔

اس فلم کی کہانی اسٹیون نائٹ نے لکھی ہے۔ فلم کی کہانی اُن دنوں کا احاطہ کرتی ہے جب شہزادی ڈیانا نے پہلی مرتبہ اس بات کا سرِ عام اظہار کیا تھا کہ وہ اپنی شادی سے ناخوش ہیں۔

فلم کو چلی سے تعلق رکھنے والے ہدایت کار پابلو لارین ڈائریکٹ کریں گے جن کا کہنا ہے کہ اسٹیورٹ، ڈیانا کے کردار کے لیے انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ ہیں۔

یاد رہے کہ کرسٹین اسٹیورٹ 'ٹوئلائٹ' فلم سیریز میں ادا کیے گئے اپنے مرکزی کردار کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔

لفظ 'اسپینسر' ڈیانا کے نام کا حصہ ہے۔ پابلو لارین کہتے ہیں کہ ان کی فلم ڈیانا پر بننے والی اب تک کی تمام فلموں اور ٹی وی پر نشر ہونے والی دستاویزی فلموں سے ہٹ کر ہوگی۔

فلم کی شوٹنگ 2021 میں شروع ہونے کی توقع ہے جب کہ فلم میں شہزادہ چارلس کا کردار کون ادا کرے گا، اس بات سے پردہ اٹھنا ابھی باقی ہے۔

چارلس اور ڈیانا کی شادی 29 جولائی 1981 کو لندن کے سینٹ پال کیتھیڈرل چرچ میں انجام پائی تھی۔ لیکن شادی کے نو برس بعد اس کی ناکامی کی اطلاعات سامنے آنے لگی تھیں۔ بالآخر دو سال بعد دونوں میں علیحدگی ہو گئی تھی جو چار سال بعد طلاق پر منتج ہوئی تھی۔

شادی ناکام ہونے کے قصے ابھی موضوعِ بحث ہی تھے کہ 31 اگست 1997 کو شہزادی ڈیانا کا پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 36 برس تھی۔

شاہی جوڑے پر فلم بنانے والے ڈائریکٹر پابلو لارین نے میگزین 'ڈیڈ لائن' سے گفتگو میں بتایا کہ ڈیانا کا ملکہ نہ بننے کا فیصلہ اہم اور بڑا ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے لیے تجسس کا باعث رہا ہے لہذا فلم کی کہانی سب کے لیے دلچسپی کا سبب ہو گی۔

لارین اس سے قبل سال 2016 میں سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی اہلیہ پر 'جیکی' کے نام سے فلم بنا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG