لاہور کے علاقے موچی دروازے کے قریب پیر کی صبح ایک کاروبای علاقے میں آتشزدگی سے کم ازکم 24 افراد زخمی ہوگئے ہیں اور امدادی کارکن تاحال آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
عینی شاہد ین کے مطابق شاہ عالم مارکیٹ میں پیر کی صبح ایک گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہاں پرفیوم اور پلاسٹک کی اشیاء کی دکانیں تھیں جس کے باعث آگ اتنی تیزی سے پھیلی۔
متاثرہ علاقے میں تنگ گلیوں کے باعث آگ بجھانے والے عملے کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ مقامی ذرائع ابلاغ پر ان متاثرہ دکانوں کے مالکان نے الزام عائد کیا ہے کہ آگ بجھانے والے عملے کی غفلت کی وجہ سے اتنا نقصان ہوگیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے سربراہ کو فوری طور پر آگ بجھانے کے آلات سمیت دیگر امدادی سامان شاہ عالم مارکیٹ پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ اُنھوں نے این ڈی ایم اے کے چیئر مین سے کہا ہے کہ وہ آگ پر قابو پاکر مزید املاک کو نقصانات سے بچانے کے لیے تمام ضروری سامان پنجاب حکومت کے حوالے کریں ۔