رسائی کے لنکس

دلائی لاما کی ویڈیو لنک سے جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ کی سالگرہ میں شرکت


دلائی لاما
دلائی لاما

جنوبی افریقہ میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے بعد دلائی لاما وڈیو کانفرنس کے ذریعے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔

تبت کے جلاوطن رہنماء ہفتے کو ان تقریبات میں بھارتی شہر دھرم شالا سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

دلائی لاما کو ڈیسمنڈ ٹوٹو کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ جانا تھا مگر آرچ بشپ کی طرف سے آخری لمحات میں کی جانے والی ویزہ جاری کرنے کی درخواست بھی جنوبی افریقہ کے حکام نے مسترد کردی۔

دلائی لاما نے منگل کو یہ کہہ کر اپنا دورہ منسوخ کردیا تھا کہ انھیں وقت پر ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔

بدھ مت کے روحانی پیشوا کو ویزہ نہ دینے پر جنوبی افریقہ میں رواں ہفتے سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

ٹوٹو کے پیس سینٹر کا کہنا ہے کہ تقریبات کے دوران سٹیج پر احتجاج کے طور پر دلائی لاما کی خالی کرسی رکھی جائے گی۔

1989ء میں امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والے دلائی لاما اس سے قبل نیلسن منڈیلا کے دور حکومت میں تین بار جنوبی افریقہ کا دورہ کرچکے ہیں اور اس دوران انھیں کبھی ویزے کا مسئلہ درپیش نہیں رہا۔

دلائی لاما تبت پر چین کے قبضے کے خلاف ناکام بغاوت کے بعد تقریباً 50 سالوں سے جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG