رسائی کے لنکس

ٹوٹو کی دلائی لاما کو ویزہ جاری کرنے کی درخواست


ڈیسمنڈ ٹوٹو اور دلائی لاما (فائل فوٹو)
ڈیسمنڈ ٹوٹو اور دلائی لاما (فائل فوٹو)

جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو نے حکومت سے آخری بار درخواست کی ہے کہ وہ دلائی لاما کو ملک کا ویزہ جاری کرے، جنھوں نے رواں ہفتے ٹوٹو کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرنی ہے۔

درخواست دیے جانے کے کئی ماہ بعد تک جنوبی افریقہ نے دلائی لاما کو ویزہ جاری نہیں کیا تھا جس پر منگل کو انھوں نے یہ کہہ کراپنا دورہ منسوخ کر دیا کہ انھیں وقت پر ویزہ نہیں دیا گیا۔

لیکن نائب صدر کگالیما موٹلانتھے نے اسی روز مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ اگر بدھ مت کے روحانی پیشوا اپنا دورہ منسوخ نہ کرتے تو حکومت ویزہ جاری کر دیتی۔

ایک روز قبل ٹوٹو کے دفتر نے موٹلانتھے پر ایک خط کے ذریعے زور دیا کیا کہ دلائی لاما کو ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ خط میں کہا گیا کہ حکومت نے نوبل انعام یافتہ ٹوٹو اور لاما دونوں کے لیے ’’ہتک آمیز رویہ‘‘ ظاہر کیا ہے۔

عام تاثر یہ ہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنے اہم تجارتی شراکت دار چین کے دباؤ میں آکر دلائی لاما کو ویزہ جاری نہیں کیا۔ چین تبت کے رہنما لاما کو علیحدگی پسند سمجھتا ہے اور بالعموم دوسرے ممالک پر انھیں اپنے ہاں دورے کی اجازت نہ دینے پر دباؤ ڈالتا ہے۔

XS
SM
MD
LG