دلائی لاما نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ویزہ کے اجراء میں ناکامی کے بعد اُنھوں نے نسل پرستی کے مخالف رہنما ڈیسمنڈ ٹوٹو کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔
منگل کو بھارت میں دلائی لاما کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کسی بھی وجہ‘‘ سے جنوبی افریقہ کی حکومت کے لیے تبت کے روحانی رہنما کو ویزہ جاری کرنا مشکل ہو گیا تھا۔
دلائی لاما نے پانچ ماہ قبل ویزے کے اجراء کی درخواست کی تھی تاکہ وہ جمعرات کو جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے ڈیسمنڈ ٹوٹو کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
جنوبی افریقہ نے اس تاثر کو رد کیا ہے کہ یہ اقدام چین کے دباؤ کے باعث کیا گیا۔ چین بالعموم دوسرے ملکوں کی حکومتوں پر دلائی لاما کے دوروں میں رکاوٹ ڈالنے کے حوالے سے دباؤ ڈالتا رہتا ہے۔