رسائی کے لنکس

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو 19 مارچ کے جلسے سے روک دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مینار پاکستان پر اتوار کو جلسے سے روکتے ہوئے جلسے کی تاریخ تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے جمعرات کو پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور صوبے کے ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ ساری قوم کو مصیبت میں ڈالا ہوا ہے۔ بحیثیت قوم ہماری بڑی بے عزتی ہو رہی ہے۔

عدالت نے گزشتہ دو روز کے دوران پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ وہ جلسے کی تاریخ کو آگے پیچھے کر لیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 19 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ اس ضمن میں انتظامیہ کو اجازت نامے کے لیے درخواست کی جمع کرائی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ 19 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل بھی ہونا ہے۔

عمران خان کے وارنٹ کے معاملے پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا "مجھے تو اس سارے معاملے میں کوئی مسئلہ نہیں لگتا۔ سب قانون میں ہے لیکن کوئی قانون نہیں پڑھتا۔ دونوں جانب سے نظام کو معطل کرکے رکھ دیا گیا ہے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ مسئلہ وارنٹ کا ہے۔ کبھی لاہور ہائی کورٹ آتے ہیں اور کبھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جاتا ہے۔ آپ کو معلوم ہی نہیں کہ جانا کہاں ہے۔ قانون پر عمل درآمد کرنا ہے اور قانون پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی احکامات پر عمل در آمد کے لیے اسلام آباد پولیس منگل کو عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی تھی تاہم دو روز کی کوششوں کے باوجود پولیس عدالتی حکم کی تعمیل میں کامیاب نہ ہو سکی۔

لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ یا اسلام آباد ہائی کورٹ نے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد سے نہیں روکا۔

اس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے کہا کہ اب اس سماعت کی ضرورت نہیں، صرف سیکیورٹی کی بات ہو سکتی ہے۔

فریقین وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے زمان پارک میں پولیس کی کارروائی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخوست پر سماعت جمعے کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد درخواست گزار فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے زمان پارک میں آپریشن روکنے کے احکامات پر جمعے تک توسیع کر دی ہے۔

اس سے قبل ہائی کورٹ نے پولیس کو جمعرات کی صبح تک پولیس کو زمان پارک کے باہر کارروائی سے روک دیا تھا۔ تاہم سماعت کے دوران اس معاملے پر زیادہ بات نہیں ہوئی تھی۔

فواد چوہدری کے مطابق عدالت نے پنجاب کے چیف سیکریٹری اورآئی جی کو کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر ان معاملات کو باہمی مشاورت سے طے کریں۔

XS
SM
MD
LG