لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں صدر معمر قذافی کی حکومت کے زیر استعمال عمارتوں پر مبینہ طور پر نیٹو کے فضائی حملے میں کم از کم ایک عمارت تباہ اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ تباہ ہونے والی عمارت میں وزارتی اور دیگر اہم اجلاس منعقد کیے جاتے تھے۔
اتوار کی نصف شب کے کچھ دیر بعد طرابلس میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جن کے بعد تین سرکاری ٹی وی چینلز سے نشریات کچھ وقت کے لیے بند ہو گئیں۔
اس سے قبل سرکاری فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ مغربی شہر مصراتہ پر بڑی تعداد میں راکٹ داغے اور یہ کارروائی لیبیا کے اس تیسرے بڑے شہر میں باغیوں کے خلاف آپریشنز بند کرنے کے سرکاری اعلان کے باوجود کی گئی۔
سرکاری افواج نے گذشتہ دو ماہ سے مصراتہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور شدید گولہ باری اور فائرنگ کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مصراتہ میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صرف ہفتہ کے بعد ہونے والی لڑائی میں کم از کم 32 افراد مارے گئے ہیں۔