لیبیا کی سرکاری فورسز نے مصراتہ شہر کے تیل کے چار بڑے ذخیروں پر راکٹوں سے حملہ کرکے انہیں تباہ کردیا۔ یہ ذخیرے شہر کو تیل فراہم کرنے کا واحد ذریعہ تھے۔
مصراتہ ملک کے مغربی حصے کا وہ واحد شہر ہے جو اس وقت باغیوں کے قبضے میں ہے۔ یہ ساحلی شہر دو مہینے سے زیادہ عرصے تک قذافی کی وفادار فوج کے قبضے میں رہ چکاہے۔
جمعے کے روز لیبیا نے اس بین الاقوامی منصوبے پر شدید نکتہ چینی کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ باغیوں اور شہریوں کی مدد کے لیے لاکھوں ڈالر بھیجے جائیں گے۔
جمعرات کے روز لیبیا سے رابطے کا ایک 12 ملکی گروپ اس پر متفق ہوا تھا کہ لیبیا کے حزب اختلاف کوخوراک، تیل ، دوائیں اور علاقے میں اپنا کنٹرول قائم رکھنے کے لیے رقوم فرام کی جائیں۔
اقوام متحدہ نے کہاہے کہ وہ اس فنڈ کے لیے امریکہ میں لیبیا حکومت کی منجمد کی گئی رقوم سے تین کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی اجازت پر غور کرسکتی ہے۔