ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے لیبیا کے بحران کے نتیجےمیں دو لاکھ سے زائد متاثریں کی اگلے دو ماہ تک امدادکرنے کے لیے تقریباً 26ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی ہے۔
جمعے کو شائع ہونے والے ایک بیان میں آئی سی آر سی نے کہا کہ یہ رقوم لیبیا کے اندر اور وہاں سے ہمسایہ ملک تیونس کی طرف بھاگ نکلنے والے لوگوں کو بنیادی ضرورت کی چیزیں اور خدمات فراہم کرنے پر استعمال کی جائیں گی۔
ریڈ کراس کمیٹی کے صدر جیکب کیلن برگر نے کہا کہ لیبیا میں جاری جھڑپوں اور فضائی حملوں کے باعث امدادی ادارے کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کی تیاری کی جائے، جب کہ متاثرین کی آئندہ ہفتوں میں تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔
لیبیا کےپناہ گزینوں کی مددکے لیےاور بین الاقوامی کوششوں کےسلسلے میں جمعے کے روز بھی امریکہ نےانسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسد سے بھرے دو فوجی مال بردار طیارے تیونس روانہ کیے۔ سمجھا جاتا ہے کہ امریکی طیارے اُن مصریوں کے انخلا میں مدد دیں گے جو لیبیا تیونس سرحد کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا، پناہ گزینوں سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے نے کہا ہے کہ چونکہ لیبیا کی بھاری مسلح افواج سرحد کے اپنے حصے پر تعینات ہیں، لیبیا سے تیونس کی طرف آنے والے افراد کی تعداد میں خاصی کمی واقع ہوگئی ہے۔