رسائی کے لنکس

لیبیا میں تین غیر ملکی صحافی لاپتا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے کہا ہے کہ اس کے دوصحافی اور ایک فوٹوگرافر لیبیا میں لاپتا ہوگئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق رپورٹر ڈیو کلارک اور فوٹوگرافر رابرٹو شمید سے آخری رابطہ گذشتہ جمعہ کو ہوا تھا جب انھوں نے ایک ای میل کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ وہ مشرقی شہر تبروک سے تقریباً 35 کلومیٹر دور جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ گیتی امیجز کا فوٹوگرافر بھی ان دونوں صحافیوں کے ساتھ تھا۔

لاپتا صحافی معمر قذافی کے مخالفین سے ملاقات اور لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے مہاجرین سے بات چیت کا ارادہ رکھتے تھے۔

وسط فروری سے لیبیا میں صدر قذافی کے خلاف شروع ہونے والی تحریک کے دوران متعدد غیر ملکی صحافیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کے چار صحافیوں کو بھی سرکاری فوج نے گذشتہ ہفتے مشرقی علاقے سے گرفتارکیا تھا۔ اخبار کو بتایا گیا تھا کہ انھیں رہا کردیا جائے گا لیکن تاحال رہائی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

اتوار کو الجزیرہ ٹی وی نیٹ ورک نے بتایا کہ حکام نے مغربی لیبیا میں کام کرنے والے اس کے چار صحافیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ٹی وی کے مطابق ”مقامی پارٹیاں“ ان کی بحفاظت رہائی کے لیے کوششیں کررہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG