رسائی کے لنکس

للی سنگھ یونیسیف کی نئی سفیر برائے خیرسگالی مقرر


للی نے یونیسیف کے ساتھ وسطی بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ایسے نوجوانوں اور کم عمر بچوں سے ملاقاتیں کیں جو دشوار کن حالات اور انتہائی غربت سے دوچار ہیں۔ لیکن، اس کے باوجود انھوں نے خود کو اس لائق بنایا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکیں

اداکارہ، مزاح نگار اور مصنفہ للی سنگھ کو ہفتے کے روز نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں یونیسیف کی نئی سفیر برائے خیرسگالی مقرر کیا گیا۔ للی جو کہ بھارت نژاد کیناڈیائی شہری ہیں، اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں۔ 'سپر وومن' کے لقب سے معروف للی بھارت میں ان بچوں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں جنھیں معروف تنظیم برائے اطفال یونیسیف کی مدد حاصل ہے۔

للی سفیر برائے خیر سگالی کے اپنے کردار میں ڈجیٹل میڈیا میں اپنے وجود اور شہرت کے سہارے بچوں اور نوجوانوں کو مصروف رکھنے اور ان چیلنجوں کے بارے میں بات کرنے کے، جن کا انھیں سامنا ہے، قابل بنائیں گی۔

انھوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”میں سفیر برائے خیرسگالی کی حیثیت سے یونیسیف سے منسلک ہو کر اور تنظیم کے ہر بچے تک پہنچنے کے مشن کو حمایت فراہم کرنے کے لیے اپنی آواز کے استعمال پر فخر محسوس کر رہی ہوں“۔

اُن کے الفاظ میں: ”میں نے یہاں جن بچوں سے ملاقاتیں کی ہیں وہ بہت سے چیلنجوں پر قابو پا رہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر بچوں کو موقع دیا جائے تو وہ کیا کچھ نہیں کر سکتے“۔

للی نے یونیسیف کے ساتھ وسطی بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ایسے نوجوانوں اور کم عمر بچوں سے ملاقاتیں کیں جو دشوار کن حالات اور انتہائی غربت سے دوچار ہیں۔ لیکن، اس کے باوجود انھوں نے خود کو اس لائق بنایا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔

للی سنگھ نے اپنے دورے میں کئی منصوبوں کو دیکھا جن میں ایک پروجکٹ کا نام 'یوتھ فار چینج' ہے اور جس کو یونیسیف کی حمایت حاصل ہے۔ یہ نوجوانوں کے لیے ایک لیڈرشپ پروگرام ہے جو کہ انھیں صحت اور صفائی، تشدد اور استحصال سے تحفظ، صنفی مساوات اور ایک معیاری تعلیم کی اہمیت جیسے موضوعات پر قدم اٹھانے کے لیے اپنے ساتھیوں اور کمیونٹی کی حمات کرنے میں مدد کرتا ہے۔

انھوں نے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ ”لڑکیوں کا خود اعتمادی اور تحفظ کے لیے کراٹے سیکھتے دیکھنا تو حیرت انگیز اور متاثر کن تھا جو کہ ان میں نہ صرف اعتماد پیدا کرتا ہے، بلکہ حقیقی زندگی کے خطروں اور استحصال سے نمٹنے اور خود حفاظتی کے طریقے سکھاتا ہے“۔

یونیسیف کے ڈپٹی ایکزیکٹیو ڈائرکٹر، Justin Forsyth نے کہا کہ ”للی سنگھ پہلے ہی ایک سپر وومن ہیں اور دنیا بھر میں لڑکیوں کو خودمختار بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ اپنے جذبے اور قوت کو ان بچوں کے لیے پیش کر رہی ہیں جو آسانی کے ساتھ شکار بنائے جا سکتے ہیں“۔

بھارت میں یونیسیف کی نمائندہ، یاسمین حق نے کہا کہ ”للی بہت سے نوجوانوں کے لیے مثالی شخصیت سمجھی جاتی ہیں۔ ہمیں انتظار ہے اس کردار کا جو وہ بھارت میں اور ہر جگہ لڑکیوں کے مقام و مرتبے کے تعلق سے ادا کرنے والی ہیں“۔

اٹھائیس سالہ، للی ڈجیٹل میڈیا کی ایک عالمی شہرت یافتہ شخصیت ہیں۔ یو ٹیوب پر ان کے مداحوں کی تعداد 11 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کی کتاب How To Be A Bawse 'نیویارک ٹائمز' سے 'بیسٹ سیلنگ' کتاب کا درجہ حاصل کر چکی ہے۔ وہ 'فوربس میگزین' کی سب سے زیادہ متاثر کرنے والی شخصیات کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کر چکی ہیں۔

انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک پروگرام Girl Love شروع کیا ہے جس کا مقصد لڑکیوں کی لڑکیوں سے نفرت کو ختم کرنا ہے۔

اس تقریب میں انھوں نے خاص طور پر بچوں سے بات کی اور ان کے سوالوں کے جواب دیے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG