رسائی کے لنکس

'لنکڈان' نے چین میں اپنی سروسز ختم کر دیں


ایپ اسٹور پر چین کے لیے لنکڈان کی ایپ کا عکس۔ فائل فوٹو
ایپ اسٹور پر چین کے لیے لنکڈان کی ایپ کا عکس۔ فائل فوٹو

ملازمتوں سے متعلق مائیکروسافٹ کارپوریشن کی ملکیتی ایپ 'لنکڈان 'نے بدھ کے روز چین پر مرکوز ملازمتوں سے متعلق اپنی ایپ بند کر دی ہے جس سے چین کی بڑی مارکیٹ میں کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے مغربی سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی کوششوں کے دور کا اختتام ہو گیا ہے۔

'لنکڈان' ایپ پیشہ ور کاروباری افراد کے درمیان رابطہ کاری پر اپنی توجہ مرکوز کرتی رہی ہے۔

چین میں 'لنکڈان' کی بندش کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔ چین سے متعلق 'لنکڈان' کی ایپ’ ان کیریئر‘ نے تین مہینے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ سخت مقابلے کی فضا اور میکرو اکنامک سے منسلک چیلنجز کے پیش نظر ہمیں اپنی خدمات بند کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔

'ان کیریئر' نے اپنے صارفین کو آگاہ کر دیا ہے کہ 9 اگست کے بعد ان کیریئر اکاونٹس کا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا جائے گا ۔

شنگھائی میں کام کرنے والی ایک پروفیشنل خاتون نے، جنہوں نے دس سال قبل لنکڈان کا استعمال اس وقت شروع کیا تھا جب وہ امریکہ میں زیر تعلیم تھیں، وائس آف امریکہ کی مینڈرین سروس سے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کے ساتھ بات کی۔

انہوں نے ٹیکسٹ کے ذریعے مینڈرین سروس کو بتایا کہ انہیں لنکڈان کے چین کو چھوڑنے پر مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں لنکڈان کو اس وقت سے استعمال کر رہی ہوں جب اس نے چین میں اپنی سروسز شروع نہیں کی تھیں۔اس پلیٹ فارم پر میرا تجربہ بہت شاندار رہا ہے۔ مجھے اپنی تمام ملازمتیں لنکڈان کے توسط سے ہی ملیں اور اس پلیٹ فارم پر میں نے بہت سے دوست بنائے۔ مجھے امید ہے کہ لنکڈان ایک دن چین واپس آئے گا۔

ان کا مزید کہناتھا کہ چین میں لنکڈان کی بندش پر انہیں حیرانی نہیں ہوئی۔ ’ بہت سے صارفین کے لیے لنکڈان کے دو بڑے فوائد ہیں۔ ایک اس کا سوشل میڈیا فیچر اور دوسرا بہت سی کثیرملکی کمپنیوں کے لیے اس پلیٹ فارم کی کشش۔ لیکن اب لنکڈان نے چین کے لیے اپنے سوشل میڈیا فیچر کو بند کر دیا ہے۔ بہت سی غیر ملکی کمپینوں کے کاروباروں کو سست روی کا سامنا ہے جس کے سبب ملازم رکھنے کے عمل میں کمی ہو رہی ہے۔ ایسے موقع پر لنکڈان کا چین سے جانا مایوس کن ہے۔ لیکن مجھے اس پر حیرانی نہیں ہے۔

لنکڈان کب قائم ہوا؟

لنکڈان کی بنیاد 2002 میں رکھی گئی تھی اور اس کی ویب سائٹ کے مطابق اس ایپ کو 5 مئی 2003 کو باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا تھا۔ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ لنکڈان ملازمتوں سے متعلق دنیا کا سب سے بڑاسوشلائزیشن کا پلیٹ فارم ہے جس میں دنیا بھر میں 20 ہزار سے زیادہ افراد کام کر رہے ہیں۔

سن 2011 میں اس کمپنی کا نیویارک اسٹاک ایکس چینج میں اندارج ہوا۔ اس کا ہیڈکوارٹر کیلی فورنیا کی سلیکان ویلی کے ایک مرکزی شہر سنی ویل میں ہے

لنکڈان نے 2014 میں چین میں اپنی سروسز کا آغاز کیا اور پہلے سال ہی وہاں اس کے چار کروڑ سے زیادہ ممبر بن گئے۔

لنکڈان کے 90 کروڑ ممبران ہیں

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق مئی 2023 میں لنکڈان کے ممبران کی کل تعداد 90 کروڑ سے زیادہ تھی جن کا تعلق 200 سے زیادہ ممالک اور علاقوں سے تھا۔ ان میں چین کے ممبران کی تعداد 6 کروڑ سے زیادہ تھی۔

بیجنگ میں ایک کاروباری کمپنی کے مالک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی او اے کی مینڈرین سروس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2013 میں لنکڈان کا استعمال شروع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل سینیر مینیجرز اور پیشہ ور افراد کو تلاش کرنے کی ایک بہترین جگہ ہے۔

مارچ 2021 میں نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں بتایا گیا تھا کہ چین کے انٹرنیٹ ریگولیٹر نے لنکڈان کے ایگزیکٹوز سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی تھی کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر سیاسی مواد کی اشاعت روکنے میں کامیاب کیوں نہیں ہوئے اور سزا کے طور پرچین کے اندر نئے صارفین کا اندراج کرنے پر 30 دنوں کے لیے پابندی لگا دی تھی۔

ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق لنکڈان کو 2021 میں چین کی حکومت کی جانب سے مواد ہٹانے سے متعلق 43 درخواستیں موصول ہوئیں تھیں جن میں 42 پر عمل درآمد کر دیا گیا تھا۔

بیجنگ میں ایک نجی کاروبار کے مالک کا کہنا ہے کہ چین کے لیے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ختم کیے جانے کے بعد لنکڈان اس میدان میں چینی کمپنیوں کے ایپس کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہا تھا۔اور اسے اپنی سروسز بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوگل کی طرح لنکڈان کا بھی چین سے اخراج، انٹرنیٹ مواد پر چینی حکومت کی سخت سینسر شپ کا نتیجہ ہے۔

(وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG