پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس میں موجود
اسلام آباد کے پی ہاؤس میں موجود وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اکو حراست میں لیے جانے کا امکان ہے۔
کے پی ہاؤس سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس میں موجود ہے اور اہلکاروں نے داخلی راستے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر بھی کے پی ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
کے پی ہاؤس میں اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو حراست میں لیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم وزیرِ اعلیٰ کے پی کے مشیر بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور عدالت سے ضمانت پر ہیں، اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو یہ توہینِ عدالت ہو گی۔
اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے
علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات
اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے احتجاج کی قیادت کرنے والے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
علی امین گنڈاپور قافلے کی صورت میں اسلام آباد کے ڈی چوک سے ہوتے ہوئے کے پی ہاؤس اسلام آباد پہنچے تھے جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ گئی تھی۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے علی امین گنڈاپور کے بھائی اور پارٹی کے بعض رہنما انہیں حراست میں لیے جانے کی تصدیق کر رہے ہیں جب کہ حکومتی ذرائع گرفتاری کی تردید کر رہے ہیں۔
میڈِیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا پر سرکای وسائل کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
لاہور: ایوانِ عدل کے باہر مظاہرین پر شیلنگ، متعدد گرفتار
- By ضیاء الرحمن
لاہور کے ایوان عدل کے باہر پولیس نے پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے اور کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
لاہور میں امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی کال پر آج شہر میں احتجاج بھی جاری ہے۔