پی ٹی آئی آج لاہور میں بھی احتجاج کرے گی، پولیس کی بھاری نفری تعینات
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ وہ آج لاہور میں بھی احتجاج کرے گی۔
تحریک انصاف کے مطابق لاہور میں مینارِ پاکستان پر پر امن احتجاج کیا جائے گا۔ یہ احتجاج ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب ایک روز قبل پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارکنان کو ڈی چوک تک پہنچنے سے روکنے کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستوں کو کنٹینر سے سیل کردیا تھا۔
تاہم پی ٹی آئی کے بعض کارکنان نے ڈی چوک پہنچنے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین میں کئی مقامات پر تصادم ہوا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی جب کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
لاہور میں احتجاج کے پیشِ نظر مختلف شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ راستوں کو بند کرنے کے لیے کنٹیرز بھی کھڑے کردیے گئے ہیں۔
............................................................................................
پی ٹی آئی کا احتجاج، مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے
پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران رات گئے پولیس اور مظاہرین میں درمیان مختلف مقامات پر تصادم جاری رہا۔
تحریکِ انصاف کے کارکنان نے ڈی چوک پر پہنچنے کی کوشش کی جب کہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی جب کہ رپورٹس کے مطابق کچھ مقامات پر ربڑ کی بلٹس فائر کی گئیں۔
اس دوران مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس سے بعض پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں احتجاج جاری رہے گا: حماد اظہر
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج جاری رہے گا جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی ہفتے سے احتجاج شروع کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ لاہور اور اس کے مضافات میں رہنے والے لوگ لاہور کے احتجاج میں شرکت کریں گے۔
نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توسیع
- By ضیاء الرحمن
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
ہفتے کو اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے فواد چوہدری کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کی۔ ساتھ ہی سابق وفاقی وزیر کی عبوری ضمانتوں میں 28 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔