رسائی کے لنکس

لندن کے میئر مسلمانوں کے خلاف مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہیں: ٹرمپ


ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ

نیویارک ٹائمز نے جب متوقع ریپبلکن امیدوار اور ارب پتی تاجر ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا مجوزہ پابندی لندن کے نومنتخب میئر صادق خان پر بھی عائد ہو گی تو انہوں نے کہا کہ ’’اس میں ہمیشہ استثنیٰ ہو گا۔‘‘

امریکہ کے روزنامہ ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق صدارت کے لیے ریپبلکن جماعت کی نامزدگی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ لندن کے نو منتخب مسلمان میئر کو امریکہ داخلے میں پابندی سے استثنیٰ دیں گے۔

گزشتہ سال کیلیفورنیا اور پیرس میں شدت پسندوں کی طرف سے دہشت گرد حملوں کے بعد ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی تھی۔

نیویارک ٹائمز نے جب متوقع ریپبلکن امیدوار اور ارب پتی تاجر ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا مجوزہ پابندی لندن کے نومنتخب میئر صادق خان پر بھی عائد ہو گی تو انہوں نے کہا کہ ’’اس میں ہمیشہ استثنیٰ ہو گا۔‘‘

ہفتے کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے صادق خان پاکستانی تارکین وطن کی اولاد ہیں۔ ان کے والد ایک بس ڈرائیور جبکہ والدہ درزن تھیں۔

اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ انہیں صادق کے انتخاب پر خوشی ہوئی ہے۔

’’آپ مثال قائم کرکے دوسروں کی قیادت کرتے ہیں، ہمیشہ مثال کے ذریعے قیادت کرتے ہیں۔ اگر وہ اچھا کام کریں گے ۔۔۔ تو یہ بہت زبردست بات ہوگی۔‘‘

مسلمانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں، ٹرمپ کے ڈیموکریٹک حریفوں اور ان کے مدمقابل ریپبلکن مخالفین نے اس تجویز کو تفرقہ ڈالنے والا، نقصان دہ اور امریکی اقدار کے خلاف قرار دیا تھا۔

صادق خان
صادق خان

لیبر پارٹی کے رکن صادق خان نے ایک تلخ مہم کے بعد اپنے کنزرویٹو حریف کو بڑے فرق سے شکست دے کر برطانیہ کی سیاسی تاریخ میں سب سے بھاری انفرادی کامیابی حاصل کی۔

ٹائم میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صادق خان نے کہا کہ وہ نیویارک اور شکاگو کے مئیروں کی طرف سے شروع کیے گئے دلچسپ منصوبے دیکھنے کے لیے امریکہ جانا چاہتے ہیں مگر انہیں یہ دورہ جنوری سے پہلے کرنا پڑے گا کیونکہ نومبر کے انتخابات میں ٹرمپ منتخب ہو سکتے ہیں۔

’’اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بنتے ہیں تو میرے مذہب کی وجہ سے مجھے وہاں جانے سے روکا جائے گا، جس کا مطلب ہے کہ میں امریکی میئروں سے بات چیت اور تبادلہ خیال نہیں کر سکوں گا۔‘‘

XS
SM
MD
LG