پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کا پہلا دن اپنے اختتام کو پہنچا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 282 رنز بنائے۔
پاکستان نے یہ اسکور 87 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر بنایا۔ تاہم، آج کے کھیل کی سب سے اہم بات پاکستان کے کپتان مصباح الحق کے 110 رنز تھے جو انہوں نے 179 بالوں پر بنائے۔
مصباح الحق نے سنچری مار کر لارڈ ٹیسٹ کا پہلا دن اپنے نام کرلیا۔ ان کی یہ سنچری ریکارڈ کا حصہ تو بن ہی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ وہ کئی حوالوں سے کرکٹ کی دنیا میں جگمگاتے رہیں گے۔
ان کی بطور کپتان یہ آٹھویں اور مجموعی طور پر دسویں سنچری ہے۔
اس کے ساتھ ہی، مصباح 42سال کی پختہ عمر میں سنچری بنانے والے تیسرے کپتان بن گئے ہیں۔ وہ ساتویں پاکستانی بیٹسمین ہیں جنہوں نے لارڈز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
آج کا دن مصباح کے نام رہا کیوں کہ کھیل شروع ہونے سے قبل بھی ٹاس کا ’قرعہ‘ انہی کے نام نکلا۔ پاکستان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کی ترجیح دی۔ اوپنر بیٹسمین کے طور پر محمد حفیظ اور شان مسعود آئے جنہوں نے بالترتیب 40 اور سات رن بنائے۔
اظہر علی بھی سات رن ہی بناسکے۔ البتہ، یونس خان نے 33 مصباح نے 110، اسد شفیق نے 73جبکہ راحت علی نے کوئی رن نہیں بنایا، جبکہ یاسر شاہ، محمد امیر، ریاض وہاب اور سرفراز احمد کا کھیل ابھی باقی ہے۔
مصباح اور اسد شفیق بھی ابھی کریز پر موجود ہیں اور کل کے کھیل کا بھی وہی آغاز کریں گے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرکس ووکس 4 جبکہ اسٹورٹ براڈ اور جیک بال ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔