ملائیشیا میں انسداد بدعنوانی کے تین افسران پر الزام لگایا گیا ہے کہ اُنھوں نے کوالا لمپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قرض دہندوں (سود پر رقم دینے والوں) سے تین لاکھ ڈالر ہتھیائے۔
ملائیشیا کے اخبار ’دی اسٹار‘ کا کہنا ہے کہ تینوں افسران غیر ملکی کرنسی کا تبادلہ کرنے والوں کی جانب سے رقوم کی مبینہ ہیر پھیر کی تحقیقات کے لیے گزشتہ ہفتے ہوائی اڈے گئے، جہاں اُن کا کم از کم ایک شخص سے سامنا ہوا جس سے اُنھوں نے تفتیش کی اور ایک بیگ کو کھولنے کا مطالبہ کیا جس میں ہزاروں ڈالر موجود تھے۔
اخبار کے مطابق افسران نے اس شخص کو سنگاپور جانے والی پرواز پر سوار ہونے کی اجازت دینے سے قبل کچھ رقم اپنے پاس ہی رکھ لی۔
تینوں افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اُنھیں ملازمت سے بھی معطل کر دیا گیا ہے۔