ملائیشیا میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے راہنما کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کی موت انتہائی مہلک اعصاب شکن زہریلے مواد ’وی ایکس نرو ایجنٹ‘ سے حملے کے 20 منٹ بعد ہی واقع ہو گئی تھی۔
شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی پر 13 فروری کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر زہریلے مواد ’وی ایکس‘ سے حملہ کیا گیا۔
ملائیشیا کے وزیر صحت سبرامایم سانتھاسیوم نے صحافیوں کو بتایا کہ کم جونگ نام کی موت ’’ایمبولنس‘‘ ہی میں واقع ہو گئی تھی۔
اُنھوں نے کہا کہ حملے کے بعد 15 سے 20 منٹ میں کم جونگ نام کی ہلاکت ہوئی۔
ہوائی اڈے پر لگے نگرانی کے کیمرے ’سی سی ٹی وی‘ کی فوٹیج کے مطابق دو خواتین کم جونگ نام کے چہرے پر کچھ مواد لگاتے ہوئے نظر آئیں۔
وہ دونوں خواتین اور مبینہ طور پر اس حملے میں ملوث شمالی کوریا کا شہری ملائیشیا کی پولیس کی تحویل میں ہے۔
جب کہ شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے سات دیگر افراد کی بھی نشاندہی کی گئی اور وہ پولیس کو مطلوب ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’وی ایکس‘ انتہائی مہلک کیمیائی ہتھیار ہے اور صرف 10 ملی گرام یا قطرہ کسی بھی شخص کو منٹوں میں ہلاک کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔
اس زہریلے مواد کے حملے کے بعد متاثرہ شخص پر کوئی دوائی اثر نہیں کرتی۔
زیر حراست انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے کہا کہ وہ ٹیلی ویژن کے ایک شو میں حصہ لے رہی تھیں، جس میں اُنھیں بتایا گیا کہ اسے آئل یا بے بی لوشن چہرے پر ملنا ہے۔
جب کہ دوسری خاتون نے مبینہ طور پر ایک سینیئر سفارت کار کو بتایا کہ اسے اس کام کے لیے 90 ڈالر ملے، تاہم زیر حراست خاتون کے بقول اُسے یہ بتایا گیا کہ اس کے ہاتھ میں مواد ’بے بی آئل‘ ہے۔
دونوں خواتین کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ وہ حملہ کر رہی ہیں تاہم ملائیشیا میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خواتین کو معلوم تھا کہ وہ کیا کرنے جا رہی ہیں۔