رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے سفارت کار تک رسائی کا مطالبہ: ملائیشیا


کم جونگ نام گزشتہ ہفتے کوالالمپور کے ہوائی اڈے سے اسپتال جاتے ہوئے ایک ٹیکسی میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے،

شمالی کوریا کے راہنما کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کی موت سے متعلق معاملے میں مطلوب ایک سفارت کار تک رسائی کے لیے ملائیشیا نے شمالی کوریا سے مدد مانگی ہے۔

مطلوب سفارت کار کوالالمپور میں شمالی کوریا کے سفارت خانے میں تعینات ہیں، ملائیشیا نے شمالی کوریا سے کہا کہ وہ مذکورہ اہلکار کی تلاش اور اُن سے تفتیش میں مدد کرے۔

ملائیشیا پولیس کے سربراہ خالد ابوباقر نے بدھ کو کوالالمپور میں نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ اُنھیں جس سفارت کار کی تلاش ہے وہ کوالالمپور میں شمالی کوریا کے سفارت خانے میں بطور سینکڈ سیکرٹری تعینات ہیں۔

ملائیشیا پولیس کے سربراہ نیوز کانفرنس کے دوران
ملائیشیا پولیس کے سربراہ نیوز کانفرنس کے دوران

کم جونگ نام گزشتہ ہفتے کوالالمپور کے ہوائی اڈے سے اسپتال جاتے ہوئے ایک ٹیکسی میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، وہ مکاؤ جا رہے تھے جہاں وہ کافی عرصے سے مقیم تھے۔

اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق دو خواتین نے مبینہ طور پر کم جونگ نام کے چہرے پر زہریلہ مواد لگایا تھا جب کہ خواتین کا یہ موقف ہے کہ اُنھوں نے یہ سمجھا تھا کہ چہرے پر کچھ مواد لگانا محض ایک مذاق تھا۔

اُدھر ملائیشیا کی پولیس نے بدھ کو بتایا شمالی کوریا کے راہنما کے سوتیلے بھائی کے چہرے پر مبینہ طور پر زہریلہ مواد لگانے والی دو خواتین جانتی تھیں کہ وہ کیا کر رہی ہیں اور وہ یہ کام کرنے میں مہارت رکھتی تھیں۔

کم جونگ نام کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بھائی کم جونگ اُن کی حکومت کے بڑے ناقد اور اصلاحات کے حامی تھے۔

ملائیشیا نے اپنے ملک میں کم جونگ نام کی موت کے بعد پیانگ یانگ سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG