رسائی کے لنکس

ملک اسحاق ’مطلوبہ دہشت گردوں کی فہرست‘ میں شامل


محکمہٴخارجہ کا کہنا ہے کہ ’ملک اسحاق دہشت گردی کی متعدد وارداتوں اور امریکی شہریوں کے قتل میں ملوث ہے‘

امریکہ نے پاکستان کی کالعدم تنظیم ’لشکر جھنگوی‘ کے رہنما، ملک اسحاق کو ’مطلوبہ دہشت گردوں کی فہرست‘ میں شامل کرلیا ہے، جن کے لیے بتایا گیا ہے کہ وہ ’دہشت گردی کی متعدد وارداتوں اور امریکی شہریوں کے قتل میں ملوث ہے‘۔

جمعرات کو جاری ہونے والے محکمہٴخارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک اسحاق کو ’مطلوب دہشت گردوں کی فہرست‘ میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ ان کے اثاثے بھی جلد منجمد کر دیئے جائیں گے۔

ملک اسحاق سنہ 1997ء میں قائم کی گئی کالعدم تنظیم ’لشکر جھنگوی‘ کے بانی رکن ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے سرگرم رہنما بھی ہیں۔

محکمہٴ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وہ فروری 2013ء میں ہونے والے بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں، جب کہ ان پر 100سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہونے کے بھی شواہد ہیں‘۔

اس وقت، ملک اسحاق پولیس کی حراست میں ہیں۔

اُن پر گزشتہ سال 10 اور 16 فروری کو کوئٹہ میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔ لشکرِ جھنگوی ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کر چکی ہے۔

اِس سے ایک روز قبل، حقانی نیٹ ورک کے تین ارکان کو بھی امریکی شہریوں پر حملے کے الزام میں دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG